Aaj News

منگل, نومبر 05, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

تحریک انصاف نے منشور کا اعلان کردیا، وزیراعظم کا انتخاب براہ راست ہوگا

اسمبلی کی مدت 5 سال سے کم کر کے 4 سال کریں گے، بیرسٹر گوہر
اپ ڈیٹ 28 جنوری 2024 06:34pm
فوٹو۔۔ ٹوئٹر
فوٹو۔۔ ٹوئٹر

پاکستان تحریک انصاف نے منشور کا اعلان کردیا، جس کے مطابق وزیراعظم کا انتخاب براہ راست ہوگا۔ بیرسٹر گوہر کے مطابق ہمارے منشور کا مقصد کرپشن کی داستانوں کو کم کرنا ہے ، ہم کرپشن سے پاک پاکستان کی طرف جائیں گے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے بیرسٹر گوہر خان نے منشور کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ نیا پاکستان نیا تبدیلی کا نظام ہمارے منشور کا حصہ ہے ، ایک جمہوری حکومت میں وزیر اعظم پاور کا منبع ہوتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ تحریک انصاف حکومت میں آ کر آئینی ترامیم کرے گی کہ وزیراعظم کا انتخاب چند ایم این ایز کی بجائے ڈائریکٹ عوام کرے یعنی وزیراعظم عوام کی مرضی سے منتخب ہو کر آئے گا۔

اس حوالے سے بیرسٹر گوہر نے مزید بتایا کہ ہم اسمبلی کی مدت 5 سال سے کم کر کے 4 سال کریں گے۔ سینیٹ کی مدت پانچ سال کریں گے ، سینیٹ میں بھی ریفارمز لائیں گے ، آدھے سینیٹر براہ راست منتخب ہوں گے۔

انھوں نے مزید بتایا کہ اقتدار میں آکر عوام کے بنیادی حق کیلئے کریمنل پروسیجر کو تبدیل کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ جس ٹیم نے چھ ماہ میں منشور کو تیار کیا وہ سامنے نہیں بیٹھ سکے ، ہمیں منشور دینے میں دشواری ہے تو پارٹی کیلئے اور کیا مشکلات ہوں گی۔

پی ٹی آئی منشور سے متعلق بیرسٹر گوہر نے مزید بتایا کہ ہمارا سلوگن ’ ایک قوم ایک جیسے قانون، سب ہوں گے برابر ’ ہے۔ ریاست مدینہ میں مدینہ جیسے قانون ہوں ، ہمارے سول اور کریمنل پی ایل ڈی قوانین بہت مشکل ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما کے مطابق صحت کارڈ کو مزید بہتر کریں گے، ایجوکیشن میں پڑھا لکھا پاکستان بنےگا ، ہنر مند پاکستان سلوگن ہوگا، ایجوکیشن سسٹم میں بہتری لائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے 168 صفحوں کا منشور پیش کیا ہے جو سب سے مختلف ہے۔ ایک ملک میں دو قانون نہیں ہو سکتے، قانون کی حکمرانی میں چیک اینڈ بیلنس ہوتا ہے ، ساری طاقت ایک ادارے کے پاس نہیں ہونی چاہیے۔

بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ صحت کارڈ کو مزید بہتر کریں گے۔ اپنے منشور میں چھوٹا خاندان خوشحال پاکستان ہمارا سلوگن ہوگا ، آبادی کو کنٹرول کرنے پر کام کریں گے، پاکستان کی نوجوان نسل کیلئے مضبوط جواں خوشحال پاکستان سلوگن ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ ، ہم اداروں کو پرائیوٹائز کریں گے، ہم بچت کے نظام کی طرف بھی جائیں گے ، ماحولیات کی طرف سلوگن ہرا بھر خوشحال پاکستان ہوگا، ہم غیر ملکی فیول کے بجائے سولر کی طرف توجہ دیں گے۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ ہمارے نشان آزاد ہیں لیکن ہمارے امیدوار آزاد نہیں، شاندار پاکستان شاندار مستقبل اور خراب ماضی سے چھٹکارہ ہمار سلوگن ہوگا، اقتدار میں آنے کے بعد ایک ٹرتھ اینڈ ریکنیسلیشن کمیشن بنایا جائے گا۔

’سزائے موت کی طرف سائفر کیسں جا رہا ہے لیکن ہمیں حق دفاع نہیں دیا جا رہا‘

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہمیں لیول پلینگ فیلڈ نہیں دی جا رہی ، جلسہ کی اجازت نہیں دی جاتی ، ریلی کی بھی اجازت نہیں دی جا رہی ، آج بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر پُرامن ریلیاں نکالی جا رہی ہیں لیکن عوام کا راستہ روکا جا رہا ہے ۔

انھوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے کوڈ آف کنڈیکٹ دیا تھا، الیکشن شیڈول آنے کے بعد سب کو لیول پلینگ فیلڈ کا وعدہ کیا گیا تھا، ہم الیکشن کمیشن سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ مداخلت کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’سزائے موت کی طرف سائفر کیسں جا رہا ہے لیکن ہمیں حق دفاع نہیں دیا جا رہا‘ ، ہم عدلیہ کی طرف دیکھ رہے ہیں ، شارٹ نوٹس پر توجہ دلا رہا ہوں، عدلیہ مداخلت کرے، دو اسمبلیاں ختم ہوئی پھر بھی الیکشن نہیں کرائے گئے، سپریم کورٹ کی وجہ سے الیکشن تاریخ دی گئی۔

pti

Pakistan Politics

انتخابات 2024

GENERAL ELECTION 2024