Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

پی ٹی آئی کا انتخابی نتائج میں تبدیلی کیلئے خفیہ سافٹ ویئر کی تیاری کا الزام

انتخابی نتائج سے چھیڑخانی کی منصوبہ بندی پر ترجمان تحریک انصاف کا اظہار تشویش
شائع 26 جنوری 2024 08:01pm

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے انتخابی نتائج میں تبدیلی کے لیے خفیہ سافٹ ویئر کی تیاری کا الزام لگادیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر جاری بیان میں تحریک انصاف کے ترجمان نے کہا کہ قبل از انتخاب دھاندلی کی بدترین ریاستی کوششوں کے بعد عوام کے ووٹ کے حق پر تکنیکی ذرائع سے ڈاکا ڈالا جا رہا ہے۔

ترجمان پی ٹی آئی کی جانب سے انتخابی نتائج کے ساتھ ایک خفیہ سافٹ ویئر کے ذریعے مبینہ چھیڑ چھاڑ کی منصوبہ بندی کی اطلاعات پر گہری تشویش کا اظہارکیا گیا۔

تحریک انصاف کے ترجمان کا کہنا ہے کہ عوام کے ووٹ کی حرمت کو طاقت، جبر اور خفیہ تدبیروں سے پامال کرنے کی کوششیں ملک کے لیے تباہ کن ثابت ہوں گی، ہر ممکن طریقے سے تحریک انصاف کو انتخابی عمل سے باہر کرنے کی ناکام ریاستی کوششوں کے بعد منصوبہ ساز براہِ راست عوام اور ووٹرز کو نشانہ بنانے کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔

ترجمان پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ ایک جانب تحریک انصاف کی ویب سائٹ کو بند کرکے عوام کو اپنے امیدواروں کے بارے میں معلومات سے روکا جارہا ہے جبکہ دوسری طرف مصدقہ ذرائع سے نتائج میں خفیہ ردّوبدل کے لیے ایک خفیہ سافٹ ویئر کی تیاری کی خبریں سامنے آرہی ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ بدترین قبل از انتخاب دھاندلی کی کوششوں کے بعد انتخابی نتائج سے چھیڑ چھاڑ انتخابات کی ساکھ اور حیثیت کو خاک میں ملا دے گا، تحریک انصاف کی پشت پر کھڑے 24 کروڑ پاکستانی اپنے ووٹ کے ذریعے تحریک انصاف کو سیاست و حکومت کی قیادت سونپنے پر مکمل یکسو اور پرعزم ہیں۔ تحریک انصاف کو مشقِ انتقام بنانے کے لیے عوام کے ووٹ پر حملہ کیا گیا تو واضح طور پر عوام کی توہین ہوگی جس کے نتائج شدید عوامی ردّعمل کی شکل میں ظاہر ہوں گے۔

ترجمان تحریک انصاف نے مزید کہا کہ پارٹی اکبر ایس بابر کے خلاف فراڈ اور دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کروائے گی اور سیاست و جمہوریت کو ’ٹاؤٹ گردی‘ کی بھینٹ چڑھانے کے سلسلے کی راہ روکے گی۔

مزید پڑھیں

پی ٹی آئی امیدواروں کا فیصلہ ایک بار پھر الیکشن کمیشن کے ہاتھ میں

انٹرنیٹ رکاوٹیں: پاکستان کونسا نظام اپ گریڈ کر رہا ہے

ضمانت ضبط کا نیا قانون، امیدواروں سے جمع 64 کروڑ واپس نہیں ہونگے

pti

election results

اسلام آباد

Pakistan Tehreek Insaf

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)

Election 2024

GENERAL ELECTION 2024

Confidential software