Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

اقتدار میں آکر بجلی سستی اور گیس گھر گھر فراہم کریں گے، نواز شریف

سب مخالف جماعتیں پنجاب آکر ووٹ مانگ رہی ہیں، مریم نواز
شائع 26 جنوری 2024 08:19pm
نواز شریف بورے والا میں جلسے سے خطاب کر رہے ہیں۔ اسکرین گریب
نواز شریف بورے والا میں جلسے سے خطاب کر رہے ہیں۔ اسکرین گریب

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف کا کہنا ہے کہ ہماری حکومت ختم نہ کی جاتی تو آج کوئی بے روزگار نہ ہوتا، ہر گھر خوشحال ہوتا، اقتدار میں آکر بجلی سستی اور گیس گھر گھر فراہم کریں گے، ہم پاکستان کے حالات اتنے اچھے کردیں گے کہ ہر گھر میں روزگار ہوگا۔

مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف اپنی انتخابی مہم کے چوتھے جلسے کے لیے جمعہ کو بورے والا پہنچے۔

حافظ آباد، مانسہرہ اور ننکانہ کے بعد بورے والا میں مسلم لیگ ن نے سیاسی پاور شو جمعہ کو منعقد کیا، جو الیکشن 2024 کی مہم کے دوران نواز شریف کا چوتھا جلسہ ہے، مسلم لیگ(ن) خانیوال میں بھی جلسہ کر چکی ہے تاہم وہاں نواز شریف نہیں پہنچ پائے تھے۔

نواز شریف کے ساتھ ان کی صاحبزادی اور مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز بھی موجود ہیں۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ کتنے سالوں کے بعد آج مل رہے ہیں، یہاں بہت کچھ بدل گیا ہے، وہ وقت یاد کرو جب میں وزیراعظم تھا، وہ وقت یاد آتا ہے جب ان کے دور میں روٹی 4 روپے کی ملتی تھی، آج روٹی 4 روپے کے بجائے 20 یا 25 روپے کی ہوگئی ہے۔

نوازشریف نے کہا کہ 2017 آپ کو یاد ہے یا نہیں، ہم نے ملک سے لوڈشیڈنگ ختم کی تھی، نوازشریف کا دور یاد آتا ہے یا نہیں، اس وقت ماہانہ بجلی کا بل 500 روپے آتا تھا آج 20 ہزار آتا ہے، پاکستان کا کیا حال کردیا بجلی ہے نہ گیس، آج چینی، دالیں، آٹا اور سبزیاں مہنگی ہیں۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن آکر اس مہنگائی کو مٹائے گی، بجلی، گیس، چینی اور روٹی سستی کریں گے، ہماری حکومت ختم نہ کی جاتی تو آج کوئی بے روزگار نہ ہوتا، نوازشریف کی خدمتیں اس قوم نے یاد رکھی ہوئی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب ہماری حکومت آئے گی، تب سب سستا کردیں گے، یہ وہ ٹولہ ہے جس نے پاکستان کے جسم پر کلہاڑا مارا ہے، اگر حکومت ختم نہ کی جاتی تو ہر گھر خوشحال ہوتا، میں مذاق نہیں کررہا وہ بات کررہا ہوں جو کرنی چاہیئے، آج تو پاکستان سے بے روزگاری ختم ہوجانی چاہیئے تھی۔

نواز شریف کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم نے آپ کے لیے موٹروے بنائی ہے اپنی ذات کے لیے نہیں، ن لیگ کی حکومت آئی تو بورے والا سے موٹروے گزرے گی، میرے دور میں ٹریکٹر 9 لاکھ روپے کا تھا، آج ٹریکٹر 38 لاکھ روپے کا ہے جو کہ بہت افسوسناک ہے۔

مسلم لیگ ن کے قائد نے کہا کہ ان شاءاللہ پاکستان سے مہنگائی اور بے روزگاری پھر سے ختم کریں گے، ہم پاکستان کے حالات اتنے اچھے کردیں گے کہ ہر گھر میں روزگار ہوگا، ن لیگ کی حکومت آئی تو ممکن ہے بورے والا میں بہترین ایئرپورٹ بنائیں، تہمینہ دولتانہ کہتی ہیں وہاڑی میں میڈیکل کالج بنادیں، تہمینہ دولتانہ اگر آپ کامیاب ہوگئیں تومیڈیکل کالج بنادیں گے، ن لیگ کی حکومت بنی تودوبارہ بورےوالا آؤں گا۔

گذشتہ جلسوں کی طرح بورے والا میں بھی نواز شریف نے مختصر بات کی اور پھر مریم نواز کو خطاب کے لیے کہا جبکہ مریم نواز نے نواز شریف کے استقبال کر لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔

سب مخالف جماعتیں پنجاب آکر ووٹ مانگ رہی ہیں، مریم نواز

بورے والا میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا کہ جس جذبے سے آپ نے ہمارا استقبال کیا بہت شکریہ، آج آپ کی بہن، بیٹی پہلی بار بورے والا آئی ہے، بے روزگار نوجوانوں نے ہاتھ اٹھایا تو میرے دل کو بہت تکلیف ہوئی، ہم اس لیے کہہ رہے ہیں کہ شیر کو ووٹ دو تاکہ آپ کو روزگار دیں، شیر کو اتنے ووٹ دینا کہ ن لیگ کامیاب ہوکر دن رات آپ کی خدمت کرے۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ آج کل مخالف جماعتیں پنجاب آکر ووٹ مانگ رہی ہیں، ووٹ مانگتی ہیں مگر جلسہ کرنے کے لیے انہیں مشکل پیش آتی ہے، جہاں جلسہ کرتے ہیں ن لیگ اور نوازشریف پر تنقید کرتے ہیں، جہاں وہ تنقید کرتے ہیں وہاں دائیں بائیں ن لیگ کے منصوبے نظر آتے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ کل جب وہ اورنج ٹرین سامنے سے گزری تو کہا دیکھو نوازشریف کا منشور جارہا ہے، پنجاب میں آکر نوازشریف پر تنقید کرتے ہیں، جہاں سے آئے ہیں وہاں اسکولوں میں مویشی بندھے ہیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ نوازشریف، ن لیگ وہ جماعت ہے جس نے آپ کی حقیقی خدمت کی، باقی سیاسی جماعتوں نے جنوبی پنجاب میں صرف سیاست کی ہے، کوئی لیڈر ہے جسے دن رات آپ کی فکرہے تو وہ نوازشریف ہے۔

PMLN

Nawaz Sharif

burewala

Election 2024