Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

پاکستان میں شہریوں کے قتل میں ملوث 2 بھارتی ایجنٹ بے نقاب، عالمی کارروائی کا مطالبہ

مقامی اجرتی قاتل گرفتار،سوشل میڈیا کے ذریعے قاتلوں کی خدمات لی گئیں، سیکریٹری خارجہ کی پریس کانفرنس
اپ ڈیٹ 25 جنوری 2024 06:07pm
سیکریٹری خارجہ پریس کانفرنس کر رہے ہیں
سیکریٹری خارجہ پریس کانفرنس کر رہے ہیں

پاکستان نے اپنی سرزمین پر پاکستانی شہریوں کے قتل میں ملوث دو بھارتیوں کو بے نقاب کردیا ہے جنہوں نے بطور ہینڈلرز پاکستانی شہریوں کو قتل کرایا۔ ایک مقامی اجرتی قاتل کو گرفتار بھی کر لیا ہے جس نے اعترافات کرلیے ہیں۔

پاکستانی سیکریٹری خارجہ سائرس سجاد قاضی نے جمعرات کو ایک پریس کانفرنس میں دونوں بھارتیوں کے نام لیے اور بھارت کے خلاف عالمی سطح پر کارروائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ بھارتی ایجنٹوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے پاکستان میں قاتلوں کی خدمات لیں۔

سیکورٹی ذرائع نے بھی بھارتی شہریوں کے حوالے سے تفصیلات فراہم کی ہیں جن میں دونوں بھارتی باشندوں کے پاسپورٹس کی نقول شامل ہیں۔

سیکرٹری خارجہ سائرس سجاد قاضی نے جمعرات کو پریس بریفنگ میں بتایا کہ کچھ عرصہ قبل ایک پاکستانی شہری شاہد لطیف کو سیالکوٹ میں مسجد کےباہرقتل کیاگیا، جب کہ ایک اور پاکستانی شہری محمدریاض کوراولاکوٹ میں مسجدمیں قتل کیاگیا۔

سیکریٹری خارجہ کے مطابق قتل کی ان وارداتوں میں بھارتی ایجنٹ یوگیس کمار اور اشوک کمار ملوث ہیں۔

انہوں نے کہاکہ بھارتی ایجنٹ دہشت گردی اورقتل وغارت کی دیگرواراتوں میں ملوث پائےگئےہیں، شاہد لطیف کو قتل کرنے کیلئےمقامی طورپرلوگوں کوہائرکیاگیا، بھارت پاکستان میں ماورائےعدالت قتل عام میں ملوث ہے، بھارتی ایجنٹوں نےقتل کی دونوں واردات میں مکمل سپورٹ فراہم کی۔

سیکریٹری خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارتی ایجنٹ یوگیش کمارنےقاتل عمیرکی خدمات میڈیا سےحاصل کیں، قاتل عمیرخودپاکستان آیااور5رکنی ٹیم کےساتھ شاہد لطیف کے قتل کوعملی جامہ پہنایا۔

سائرس قاضی کے مطابق راولاکوٹ میں قتل میں ملوث عبداللہ علی کوایئرپورٹ پرگرفتارکیاگیا، وہ بیرون ملک فرار ہورہا تھا، عبداللہ علی سےبھارتی ایجنٹ اشوک کمارنےسوشل میڈیاپررابطہ کیاتھا۔

سیکریٹری خارجہ نے کہاکہ بھارتی ایجنٹوں کوپاکستان اوردیگرممالک میں قتل عام پرانصاف کےکٹہرےمیں لاناچاہیے، پاکستان اپنی خودمختاری اورشہریوں کےتحفظ کیلئے پرعزم ہے، بھارت بین الاقوامی قوانین کی مسلسل خلاف ورزیوں میں مصروف ہے۔

سائرس قاضی نے کہا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی راء ایک عالمی دہشت گردتنظیم کاکراداراداکررہی ہے، بھارت نےگزشتہ سال سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجرکوکینیڈا میں قتل کیا کینیڈانےاس پرسفارتی ردعمل ظاہرکیا،اس قتل کوعالمی سطح پراجاگرکیا،اس قتل کی سازش کا ملزم امریکہ میں عدالتی کاروائی کا سامنا کر رہا ہے، اقوام عالم کوچاہئےکہ بھارت کی اس کھلم کھلا دہشتگردی کی خلاف ورزی پرنوٹس لے۔

بھارتی ایجنٹوں کے پاسپورٹ سامنے آگئے

 بھارتی شہریوں یوگیش کمار اور اشوک کمار کی تصاویر جو پاکستانی سیکورٹی اداروں نے جاری کیں۔
بھارتی شہریوں یوگیش کمار اور اشوک کمار کی تصاویر جو پاکستانی سیکورٹی اداروں نے جاری کیں۔

پریس کانفرنس کے دوران سوالات کے جواب میں سائرس قاضی نے کہاکہ پاکستان کے پاس کافی ثبوت ہیں جن میں دونوں بھارتیوں کے پاسپورٹس کی نقول بھی شامل ہیں۔ تاہم انہوں نے مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔

دوسری جانب سیکورٹی ذرائع کے مطابق پاکستانی سیکیورٹی اداروں نے بھارت کے دہشتگرد گروہ اور بھارتی ہینڈلرز کو کامیابی کے ساتھ بے نقاب کر دیا جو پاکستان میں دہشتگردانہ کارروائیوں اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔

ذرائع کے مطابق پاکستانی شہریوں محمد ریاض اور شاہد لطیف کے قتل میں بھارتی شہری اشوک کمار آنند اور یوگیش کمار براہ راست ملوث ہیں، پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے محمد ریاض اور شاہد لطیف کے ٹارگٹ کلرز کو ناقابل تردید شواہد کی روشنی میں گرفتار کیا، ٹارگٹ کلرز، ان کے ساتھیوں اور سہولت کاروں کو اس وقت گرفتار کیا جب وہ پاکستان سے فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔

محمد ریاض کو 8 ستمبر 2023ء کو راولا کوٹ جبکہ شاہد لطیف کو 11 اکتوبر 2023ء کو ڈسکہ میں ٹارگٹ کلرز نے قتل کیا تھا۔

سیکورٹی ذرائع کے مطابق تحقیقاتی اداروں کے پاس مستند شواہد ہیں کہ اس پوری ٹارگٹڈ کلنگ مہم میں تیسرے ملک میں موجود بھارتی شہری شامل ہیں جو کہ اس کی فنڈنگ کرنے کے ساتھ ساتھ ہدایات بھی دے رہے تھے اور مہم کو کنٹرول بھی کر رہے تھے۔

بھارت نےپاکستان سمیت دیگر ممالک میں مختلف معصوم افراد کو دہشتگردانہ کارروائیوں میں قتل کیا مگر ان کی سرگرمیوں کے بارے کوئی بھی ٹھوس شواہد فراہم نہیں کیے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کے سکیورٹی اداروں کی یہ ایک بڑی کامیابی ہے کہ اُنہوں نے اس گروہ کو پکڑا اور ثبوت منظر عام پر لائے، اقوام عالم کو چاہئے کہ وہ بھارت کی اس کھلم کھلا دہشتگردی اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی پرنوٹس لے کر اس سے جواب طلبی کرے، پاکستان کے سلامتی اور قانون نافذ کرنے والے ادارے بھارتی دہشتگردی کا جواب دینے اور اپنے شہریوں کو محفوظ بنانے کے لئے ہر وقت کوشاں ہیں۔

INDIA PAKISTAN

Indian assassins