Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

انتخابی عملے کو جعلی فون کالز پر احکامات کا انکشاف، الیکشن کمیشن نے خبردار کردیا

الیکشن کمیشن کا انتخابی مہم میں سرکاری افسران کی تصویر پر کارروائی کا حکم
اپ ڈیٹ 25 جنوری 2024 03:27pm

الیکشن کمیشن نے تمام ریٹرننگ افسران (آر اوز) اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران ( ڈی آر اوز) کو خبردار کیا ہے کہ وہ چیف الیکشن کمشنر کے نام سے موصول ہونے والی جعلی وٹس ایپ کالز اور پیغامات سے ہوشیار رہیں۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جعلی کالز اور پیغامات کی تصدیق کے لئے چیف الیکشن کمشنر کے سٹاف افسر سے رابطہ کریں، ممبران الیکشن کمیشن یا کسی سینئر افسر کی ٹیلی فون کال یا میسج ملے تو اس کی بھی تصدیق کی جائے۔

ترجمان الیکشن کمیشن نے ہدایت کی ہے کہ الیکشن کمیشن کا عملہ، ڈی آر او اور آر او بغیر تصدیق کسی کال یا میسج پر عمل نہ کریں۔

الیکشن کمیشن کا انتخابی مہم میں سرکاری افسران کی تصویر پر کارروائی کا حکم

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابی مہم میں سرکاری افسران کی تصاویر کے استعمال کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قرار دے دیا۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے چاروں صوبائی الیکشن کمشنرز کو مراسلہ بھیجا ہے، جس میں ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسران کو کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے۔

‏مراسلے میں کہا گیا ہے کہ امیدوار اپنے پوسٹر، بینرز، ہینڈ بلز پر سرکاری افسر کی تصویر نہیں لگا سکتے۔

مراسلے کے مطابق سرکاری اہلکار یا افسر کی تصویر کا استعمال ضابطہ اخلاق کی شق 27 کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔

Election Commission of Pakistan (ECP)

Election 2024

GENERAL ELECTION 2024

Election Jan 25 2024