Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

لاپتا افراد کے اہلِ خانہ کو سرکار کی جانب سے معاوضہ بند

جب تک لاپتا شخص عدالت میں پیش نہیں کیا جاتا اہلِ خانہ کو معاوضہ ادا کرتے رہیں، عدالت کی ہدایت
شائع 25 جنوری 2024 10:37am

محکمہ داخلہ سندھ نے لاپتا افراد کے اہلِ خانہ کو سرکار کی جانب سے معاوضہ دینا بند کردیا۔

سندھ ہائیکورٹ میں لاپتا افراد کے اہلِ خانہ کو حکومت کی جانب سے معاوضے دینے کے معاملے پر سماعت ہوئی۔

دوران سماعت محکمہ داخلہ سندھ کے نمائندے نے سندھ ہائیکورٹ کو آگاہ کیا کہ معاوضے پر کچھ لوگوں کو اعتراض تھا، اس لیے بند کردیا۔

جس پر جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو نے کہا کہ جن لوگوں کواعتراض ہے ان کو پیسے دینا بند کردیں، جن لاپتا افراد کے اہلِ خانہ معاوضہ لینا چاہتے ہیں ان کو ملنا چاہئے۔

جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو نے کہا کہ جبری گمشدگی کا مطلب ہے شہری کسی ایجنسی کے پاس ہے، جب تک لاپتا شخص عدالت میں پیش نہیں کیا جاتا اہلِ خانہ کو معاوضہ ادا کرتے رہیں۔

عدالت نے 2015 سے لاپتا شہری ماجد کا سراغ لگانے کے لیے اشتہارات شائع کرنے اور ملک کے جیل حکام اور دیگر مقامات سے بھی لاپتا افراد کی معلومات لینے کی ہدایت کردی۔

عدالت نے وفاقی سیکریٹری داخلہ، سیکریٹری دفاع اور دیگر کو 28 فروری تک رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

missing persons

Sindh High Court

COMPENSATION