Aaj News

پیر, نومبر 04, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

جاوید ہاشمی کی رہائش گاہ پر چھاپہ، داماد اور نواسہ گرفتار

پولیس دروازے توڑ کر گھر میں داخل ہوئی اور تشدد کیا، جاوید ہاشمی کا الزام
اپ ڈیٹ 25 جنوری 2024 09:44am

سینیئر سیاستدان جاوید ہاشمی نے دعویٰ کیا ہے کہ پولیس نے تحریک انصاف کے ورکرز کنونشن کے دوران ان کی رہائش گاہ پر چھاپہ مار کر پی ٹی آئی امیدوار کو گرفتار کر لیا۔

جاوید ہاشمی کا کہنا ہے کہ ملتان کے علاقے مخدوم رشید میں ان کی رہائش گاہ پر پولیس نے چھاپہ مارا اور پی ٹی آئی امیدوار زاہد بہار ہاشمی اور ان کے ملازمین کو گرفتار کرلیا۔

جاوید ہاشمی نے سوشل میڈیا پر جاری اپنی پوسٹ میں لکھا، ’پنجاب پولیس کے رات ایک بجے بیسیوں اہلکاروں نے میری مخدوم رشید کی رہائش گاہ کا محاصرہ کر لیا اور غیر قانونی طور میرے گھر کی چادر چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے بلا وارنٹ اندر داخل ہوگئے۔ میرے داماد شاہد بہار ہاشمی اور نواسے قاسم ہاشمی کو غیر قانونی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ تمام ملازمین کو گرفتار لیا گیا ہے‘۔

انہوں نے الزام لگایا کہ پولیس دروازے توڑ کر گھر میں داخل ہوئی اور تشدد کیا۔

ذرائع کے مطابق جاوید ہاشمی کی رہائش گاہ پر منعقدہ پی ٹی آئی کے ورکرز کنونشن میں پی ٹی آئی رہنما مہر بانو قریشی اور زین قریشی کو بھی شرکت کرنا تھی۔

اس حوالے سے ایک نجی ٹی وی چینل کا کہنا ہے کہ چھاپہ پی ٹی ائی کے ورکرز کنونشن پر مارا گیا جس میں پی ٹی ائی کے امیدوار کو حراست میں لیا گیا۔

Police Raid

Election 2024

javed hashmi

Election Jan 25 2024