Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

پاکستان کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی شراکت داری کو وسعت دینا چاہتے ہیں، امریکی سفیر

پاکستان کو ترقی کرتا اور خواہوں کی تعبیر حاصل کرتا دیکھنا چاہتے ہیں، ڈونلڈ بلوم
اپ ڈیٹ 24 جنوری 2024 11:39pm
امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے آئی بی اے کے سینٹر فار انٹرپرینیوریل ڈویلپمنٹ کا دورہ کیا۔ فوٹو ــ ٹوئٹر / امریکی سفارتخانہ، اسلام آباد
امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے آئی بی اے کے سینٹر فار انٹرپرینیوریل ڈویلپمنٹ کا دورہ کیا۔ فوٹو ــ ٹوئٹر / امریکی سفارتخانہ، اسلام آباد

پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کراچی کا دورہ کیا جس میں انہوں نے مختلف اداروں اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سے ملاقاتیں کیں۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کو ترقی کرتا اور خواہوں کی تعبیر حاصل کرتا دیکھنا چاہتے ہیں۔

امریکی سفیر نے کراچی میں آئی بی اے کے سینٹر فار انٹرپرینیوریل ڈویلپمنٹ کا دورہ بھی کیا۔

ڈونلڈ بلوم سینٹر فار انٹرپرینیوریل ڈویلپمنٹ پہنچے تو سینٹر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر لال رخ اعجاز اور آئی بی اے کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ایس اکبر زیدی نے ان کا استقبال کیا۔

ڈونلڈ بلوم کو مرکز کے مختلف پروگراموں اور اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

ڈونلڈ بلوم نے آئی بی اے، سی ای ڈی کے کی سینئر ارکان سے بھی ملاقات کی، اس موقع پر کراچی میں امریکی قونصل جنرل کونراڈ ٹریبل اور پبلک افیئر آفیسر لی میک مینس بھی موجود تھے۔

امریکی قونصل خانہ کراچی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ بلوم نے امریکی بزنس کونسل سے ملاقات کے علاوہ نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر اور نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان سے بھی ملاقاتیں کیں اور امریکی تعاون سے جاری پروگرامز کے ذریعے نئے کاروباری افراد کی مدد کا اعادہ کیا۔

ڈونلڈ بلوم کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی شراکت داری کو وسعت دینا چاہتے ہیں تاکہ ہمارے تعلقات گہرے اور یہاں کے تاجر بااختیار بنیں۔

ان کہنا تھا کہ ہم پاکستان کو ترقی کرتے، پھلتے پھولتے اور اپنے خواہوں کی تعبیر حاصل کرتے دیکھنا چاہتے ہیں، اسی لیے ہم سمجھتے ہیں کہ کسی فرد کی جانب سے کاروبار شروع کرنا امیدیں پیدا کرنے والا عمل ہے۔

امریکی قونصل خانہ کراچی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ بلوم نے 21 سے 23 جنوری تک کراچی کا دورہ کیا تھا۔

USA

Donald Bloom

Pakistan US relations