Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

گورنر کا کرائے پر رہنے والوں کو مفت پلاٹس دینے کا اعلان

جس کی موٹر سائیکل چھن جائے گورنر ہاؤس اس کو فراہم کرے گی، کامران ٹیسوری
شائع 24 جنوری 2024 02:13pm

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے 30 سال سے کراچی میں کرائے پر رہنے والوں کو 80 اور 120 گز کے پلاٹ دینے کا اعلان کر دیا۔

کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کامران خان ٹیسوری نے کہا کراچی اور سندھ میں مختلف ہاؤسنگ سوسائٹی والوں سے بات کرلی ہے، پہلے مرحلے میں 600 کرائے داروں کو مفت پلاٹ دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ روزانہ کی طرح آج بھی جوہر کی مارکیٹوں کی دعوت پر آیا ہوں، جب مارکیٹ میں گیا تو عوام نے حیران کیا، عوام نے کہا 22 سال ہوگئے مارکیٹ بنے آپ پہلے حکومتی نمائندے ہیں جنہوں نے خیریت دریافت کی، کہیں پانی نہیں، کہیں بجلی نہیں یہاں کی عوام اپنے خاندان کا روزگار بنا رہے ہیں۔

گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ جوہر کی عوام نے اپنے صوبے کے گورنر سے مل کر خوشی کا اظہار کیا، بہت ساری مارکیٹوں میں آگ لگی کوئی پوچھنے نہیں آیا، میرا عوام سے یہ وعدہ ہے میں خود چل کر عوامی مسائل حل کروں گا۔ میرے صوبے کے نوجوان پریشان ہیں، پڑنے لکھے لوگ رائڈر بنے ہوئے ہیں، سولہ سال پڑھ کر بھی بے روزگاری ہے حکومت کو چاہیے کہ ان کو روزگار دے۔

انہوں نے کہا کہ ہیلتھ پر کام ہوگیا ہے چیف منسٹر کا دستخط درکار ہے، ایک دستخط پر کراچی میں لوگ 10 لاکھ روپے کا مفت علاج کرنے کا مستحق ہو جائے گا، اگر دستخط نہیں ہوا لوگ آخرت میں ان سے پوچھیں گے۔

کامران ٹیسوری نے کہا کہ اگر چوری ہوگئی تو میں گورنر شپ سے استعفا دینے کو تیار ہوں، جس کی موٹر سائیکل چھن جائے گورنر ہاؤس اس کو فراہم کرے گا، ہر مرتبہ تین تین موٹر سائیکل دینے کیلئے بڑھاتے رہیں گے، پہلے مرحلے میں 17 سو موٹر سائیکل چوری ہونے والے متاثرین کو فراہم کی جائیں گی۔

Kamran Khan Tessori

Free Motorcycles

Free Plots