Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

نگراں وزیر خزانہ شمشاد اختر کیخلاف عدالت میں درخواست دائر

شسمشاد اختر وزارت کے علاوہ کئی اداروں کے بورڈز کی رکن ہیں، درخواست
شائع 24 جنوری 2024 12:42pm

وفاقی نگراں وزیر برائے خزانہ شمشاد اختر کے خلاف سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔

ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) کے رہائشی عمر خالد نے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ شمشاد اختر وفاقی وزیر کے علاوہ دیگر اداروں کے بورڈز کی رکن بھی ہیں، اور مختلف اداروں سے مراعات لے رہی ہیں۔

درخواست کی سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل عاصم اقبال ایڈووکیٹ نے کہا کہ شمشاد اختر کس قانون کے مطابق ایسا کررہی ہیں وضاحت طلب کی جائے۔

جس پر جسٹس جنید غفار نے کہا کہ وفاقی وزیر کی تقرری اگست میں ہوئی، آپ تاخیر سے عدالت میں آئے ہیں، ہم نوٹس کریں گے جب تک جواب آئے گا یہ کابینہ ختم ہوچکی ہوگی۔

وکیل نے کہا کہ کابینہ ختم ہوگی لیکن قانون شکنی تو اپنی جگہ موجود رہے گی۔

عدالت نے درخواست کی سماعت 13فروری کیلئے ملتوی کردی۔

درخواست میں صدر مملکت، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن، کابینہ ڈویژن، اسٹاک ایکسچینج، سوئی سدرن گیس کمپنی اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

Sindh High Court

Shamshad Akhtar