خود کو خوش قسمت محسوس کرتی ہوں، قرۃ العین اقرار
پاکستان کی نامور سابق اینکر اور اقرارالحسن کی پہلی اہلیہ قرۃ العین اقرار نے پہلی بار اپنی نجی و ازدواجی زندگی سے متعلق کئی انکشافات کیے ہیں۔
قرۃ العین نے ایک انٹرویو میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنی ازدواجی زندگی پر گفتگو کی۔
انہوں نے اپنی عُمر سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’لوگ مجھے آنٹی کہتے ہیں تو مجھے کوئی اعتراض نہیں ہوتا، مجھے اس پر اعتراض کیوں ہوگا۔ میں خود کو خوش قسمت محسوس کرتی ہوں کہ میں نے 40 سال تک ایک بھرپور زندگی گزاری ہے‘۔
سابق اینکر نے خود کو خوش قسمت قراردیتے ہوئے مزید کہا کہ ’میرے پاس ایک خوبصورت بیٹا، ایک دیکھ بھال کرنے والا شوہر، پیار کرنے والی ساس اور ایک خوبصورت ازدواجی زندگی ہے۔ اونچ نیچ زندگی کا حصہ ہیں لیکن زندگی بہت خوبصورت ہے اور میں بہت زیادہ خوش قسمت ہوں، لہٰذا اس طرح کی باتیں مجھے پریشان نہیں کرتی ہیں‘۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ بہت سی چیزوں پر خاموش رہنے کو ترجیح دیتی ہیں، یہی وجہ ہے کہ وہ مسائل کا آسانی سے مقابلہ کرلیتی ہیں۔
قرۃ العین اقرار نے یہ بھی کہا کہ لڑکیوں کے لئے تعلیم بہت ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’والدین چاہتے ہیں کہ ان کی بیٹیوں کی شادی ہو لیکن میرے خیال میں انہیں اپنی تعلیم مکمل کرنی چاہیے اور انہیں مالی طور پر خود مختار ہونا چاہیے‘۔
قرۃ العین اقرار پاکستان کی نامور اینکر رہی ہیں، وہ معروف اینکر اقرار الحسن کی اہلیہ بھی ہیں۔ قرۃ العین اقرار اور اقرار الحسن کی شادی 2005 میں ہوئی تھی۔ اس جوڑے کا ایک بیٹا پہلاج حسن بھی ہے۔
Comments are closed on this story.