Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

این اے 242 : پاکستان مرکزی مسلم لیگ کا مصطفیٰ کمال کی حمایت کا اعلان

دنیا چاند پر پہنچ گئی مگر میئر کراچی گٹر کے ڈھکن نہیں لگا سکے، رہنما ایم کیو ایم
شائع 23 جنوری 2024 06:30pm
فوٹو۔۔ آج نیوز
فوٹو۔۔ آج نیوز

پاکستان مرکزی مسلم لیگ نے قومی اسمبلی کے حلقے این اے دو سو بیالیس کراچی پر ایم کیوایم رہنما مصطفیٰ کمال کی حمایت کا اعلان کردیا ہے۔ مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ ہمارا اتحاد ملکی بقا کے لئے ہے۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما عبدالرؤف صدیقی نے کہا ہے کہ 2 فروری کو پکا قلعہ گراؤنڈ میں ایم کیو ایم کا تاریخی جلسہ ہوگا۔

کراچی میں پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے دفتر میں مصطفیٰ کمال کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے پارٹی کے نائب صدر فیصل ندیم نے کہا کہ پندرہ برسوں میں ملک کا جو حال ہے وہ آپ کے سامنے ہے۔

پاکستان مرکزی مسلم لیگ کی قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ این اے دو سو بیالیس پر ایم کیوایم رہنما مصطفیٰ کمال کی حمایت کی جائے گی۔

اس موقع پر مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پاکستان کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ دنیا چاند پر پہنچ گئی مگر میئر کراچی گٹر کے ڈھکن نہیں لگا سکے۔

انھوں نے مزید کہا کہ 8 فروری کو ایم کیو ایم شہر بھر سے فتح یاب ہوگی۔ ہم 2013 کی پوزیشن پر واپس پہنچ جائیں گے۔

ایم کیو ایم پاکستان کا حیدر آباد میں جلسے کا اعلان

پکا قلعہ گراؤنڈ حیدر آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما عبدالرؤف صدیقی نے کہا ہے کہ ہمارا مقابلہ کسی سیاسی جماعت سے نہیں بلکہ کرپشن سے کمائے اربوں روپوں کے ساتھ ہے۔

انھوں نے کہا کہ نگراں حکومتیں عام انتخابات پر اثر انداز ہورہی ہیں، ہم نے الیکشن کمیشن کو کئی تحریری درخواستیں دی ہیں لیکن کوئی شنوائی نہیں ہورہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 2 فروری کو پکا قلعہ گراؤنڈ میں ایم کیو ایم کا تاریخی جلسہ ہوگا۔ یہ جلسہ صرف حیدرآباد کا ہوگا۔ ہم نے اس جلسے کے ذریعے پورے ملک کو پیغام پہنچانا ہے کہ اسی شہر میں ایم کیو ایم اپنی پوری آب و تاب سے موجود رہی ہے یہاں کے کارکنان اور شہداء پورے پاکستان میں دو فیصد عوام کے نمائندہ ہیں۔

انھوں نے کہا کہ جلسے میں عوام کی شرکت دیگر سیاسی جماعتوں اور اسلام آباد کو پیغام جائے گا کہ 2018 میں ایم کیو ایم سے اس کی نمائندگی چھینی گئی ہمارے ووٹوں سے 2018 میں حکومت بنی تھی اور تحریک عدم اعتماد میں ہمارے ووٹوں سے وہ حکومت ختم ہوئی اس مرتبہ الیکشن میں تاریخ ساز ووٹ پڑیں گے۔

رؤف صدیقی نے کہا کہ کراچی حیدرآباد کے بلدیاتی اداروں کو ختم کیا جائے 8 فروری کے بعد دوبارہ بلدیاتی انتخابات منعقد کرائے جائیں۔

MQM Pakistan

Pakistan Politics

انتخابات 2024

GENERAL ELECTION 2024