Aaj News

منگل, نومبر 05, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کو پی سی بی میں اہم عہدہ دینے کا فیصلہ

وفاقی حکومت کا پاکستان کرکٹ بورڈ کی سربراہی کے حوالے سے بڑا فیصلہ
اپ ڈیٹ 22 جنوری 2024 06:53pm

وفاقی حکومت کی جانب سے پاکستان کرکٹ بورڈ کی سربراہی کے حوالے سے بڑا فیصلہ کرلیا گیا، وفاقی حکومت نے محسن نقوی کو پی سی بی میں تعینات کرنے کا فیصلہ کرلیا، نگراں وزیراعظم نے محسن نقوی کو پی سی بی کی منیجمنٹ کمیٹی کا نمائندہ مقررکرنے کی منظوری دے دی جبکہ ذکا اشرف کا استعفیٰ منظور کرلیا گیا۔

چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف کی جگہ محسن نقوی کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) میں نامزد کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

ذراٸع کے مطابق پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکاء اشرف کا استعفی نگراں وزراعظم اور پی سی بی کے پیٹرن انوار الحق کاکٹر نے منظور کر لیا، جس کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ ذکاء اشرف کی جگہ محسن نقوی کو پی سی بی میں نامزد کیا جائے گا۔

ذراٸع کے مطابق محسن نقوی کو پی سی بی بورڈ آف گورنرزمیں پیٹرن کا نماٸندہ مقرر کرتے ہوے پی سی بی کے چیٸرمین کے لیے نامزد کیا جائے گا۔

محسن نقوی کو چیئرمین پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی تعینات کرنے کی منظوری

دوسری جانب نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کو پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی کا نمائندہ مقرر کرنے کی منظوری دے دی۔

ذرائع کے مطابق وزارت بین الصوباٸی رابطہ محسن نقوی کی نامزدگی کا نوٹیفکیشن جاری کرے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ محسن نقوی پی سی بی الیکشن تک منیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم کی جانب سے براہ راست چیئرمین پی سی بی کو منتخب نہیں کیا جاسکتا۔ نمائندے کی تقرری کے بعد پی سی بی کا گورننگ بورڈ ووٹنگ کے ذریعے چیئرمین کا انتخاب کرتا ہے۔

قواعد کے مطابق موجودہ وزیراعظم پی سی بی کے سرپرست ہیں جو پہلے ہی محسن نقوی کی نامزدگی کی منظوری دے چکے ہیں۔

پی سی بی کا گورننگ بورڈ 10ارکان پر مشتمل ہے اور امکان ہے کہ محسن نقوی، ذکاء اشرف کی خالی کردہ جگہ پر کام کریں گے۔

بورڈ کا رکن بننے کے بعد نقوی پی سی بی کے چیئرمین کے لیے الیکشن لڑ سکیں گے۔تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ نقوی کب پی سی بی کا حصہ بنیں گے کیونکہ وہ اب بھی پنجاب کے وزیراعلیٰ ہیں۔

واضح رہے کہ 2013 مین پنجاب کے نگراں وزیراعلیٰ کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والے نجم سیٹھی کو پی سی بی کا چیئرمین بنایا گیا تھا۔

یاد رہے کہ نگراں حکومت کی جانب سے ذکا اشرف کو اہم معاہدوں پر دستخط کرنے سمیت کرکٹ بارے بڑے فیصلے کرنے سے روک دیا گیا تھا جس پرانہوں نے پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ کے عہدے سے استعفیٰ دیتے ہوے اپنا استعفی نگران وزیراعظم کو بھجوایا تھا۔

cricket

PCB

chairman pcb

mohsin naqvi

zaka ashraf