پاکستان کو دوبارہ پٹری پر ڈالنا جان جوکھوں کا کام ہے، نواز شریف
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف نے مانسہرہ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو دوبارہ پٹری پر ڈالنا جان جوکھوں کا کام ہے، مانسہرہ آج بھی ویسا ہی ہے جو 10 سال پہلے تھا، یہاں 10 سال حکومت کرنے والوں نے کیا سنوارا؟
نواز شریف حلقہ این اے 15 مانسہرہ سے الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں،جلسہ ٹھاکرہ اسٹیڈیم مانسہرہ میں ہوا، ٹھاکرہ سٹیڈیم میں ایک لاکھ افراد کی گنجائش موجود ہے۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ میں انتخابی جلسے کے لیے مانسہرہ آیا تھا، آپ سے دس سال ملاقات نہیں ہوئی جس کا افسوس ہے، ان لوگوں نے آپ سے کتنا دور کردیا تھا۔
نواز شریف نے کہا کہ میں آج یہاں وزیراعظم بننے نہیں الیکشن لڑنے آیا ہوں، مریم یہاں الیکشن لڑنے نہیں آئی، مریم نے مجھےکہا تھا کہ مانسہرہ آپ کے ساتھ ضرور جانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مانسہرہ آج بھی ویسا ہی ہے جو 10 سال پہلے تھا، میں نے مانسہرہ موٹروے اپنے ہاتھ سے بنائی، مانسہرہ کی موٹروے جب تیارہوئی تب میں جیل میں تھا، پانچ جج اگر نواز شریف کو نہ نکالتے تو یہاں آج ترقی ہوتی۔
نواز شریف نے کہا کہ ظالموں نے پاکستان کا ستیاناس کردیا، پاکستان کو نیچے گرا دیا گیا، آج ہم دنیا سے بہت پیچھے رہ گئے۔
انہو نے کہا کہ ڈالر 104 روپے پر ہم نے روک رکھا تھا، اب ڈالر قابو میں نہیں آرہا، یہ بدنصیب تحفہ گزشتہ حکومت نے آپ کو دیا ہے۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو یہ پانچ جج نہ نکالتے تو مانسہرہ خوبصورت اور یہاں ایئرپورٹ ہوتا۔
شیر پر مہر لگائیں تاکہ ملک سے غربت اور مہنگائی کا خاتمہ ہوسکے، شہبازشریف
مانسہرہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ 8 فروری کو شیر کو کامیاب کرائیں، شیر پر مہر لگائیں تاکہ ملک سے غربت اور مہنگائی کا خاتمہ ہوسکے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری چلتی ہوئی حکومت کو گھر بھیجا گیا، ہماری حکومت کے خلاف بے بنیاد الزامات لگائے گئے۔ نواز شریف نے اپنے دور میں ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔
شہبازشریف کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچایا، ہماری حکومت رہتی تو ملک میں اندھیروں کا خاتمہ ہوچکا ہوتا، پانی کی وہ بات کرتے ہیں جن کے اپنے صوبے میں پانی نہیں ملتا، نواز شریف تھا تو مفت ادویات بھی ملتی تھیں جو بند کر دی گئیں۔ اگر آپ نے نواز شریف کو دوبارہ وزیر اعظم بنایا تو آپ کے تمام مسائل حل کریں گے۔
مانسہرہ نے اپنا فیصلہ 22 جنوری کو دے دیا، مریم نواز کا خطاب
مانسہرہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پورے پاکستان میں نواز شریف نے الیکشن کا انتخاب کیا تو مانسہرہ سےکیا، کسی نے کہا بلوچستان کسی نے سندھ تو کسی نے کہا پنجاب سے لڑیں، لیکن نواز شریف نے مانسہرہ کا انتخاب کیا۔
مریم نواز نے کہا کہ دنیا جانتی ہے نواز شریف ہزارہ اور مانسہرہ سے محبت کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو مبارکباد دیتی ہوں، مانسہرہ نے اپنا فیصلہ 8 فروری کی جگہ 22 جنوری کو دے دیا۔
مریم نواز نے کہا کہ خیبرپختونخوا کوئی تجربہ گاہ نہیں کہ کوئی تجربہ کرکے چلتا بنے، خیبرپختونخوا جیتے جاگتے لوگوں کا صوبہ ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ مانسہرہ میں دو نئے اضلاع بھی بنیں گے۔
قبل ازیں ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب نے اس جلسے کے حوالے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا تھا کہ ’نواز شریف ہزارہ کے غیور اور ان سے محبت کرنے والے عوام اور کارکنوں کے عظیم الشان جلسے سے خطاب کریں گے‘۔
مریم اورنگزیب نے لکھا کہ ’جلسے کے میزبان پارٹی رہنما کیپٹن صفدر اور سردار یوسف ہیں، سینئیر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف بھی قائد کے ہمراہ ہوں گی‘۔
مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ نواز شریف پاکستان کی ترقی اور عوام کو مسائل سے نجات دلانے کے اپنے وژن پر بات کریں گے۔
Comments are closed on this story.