Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

حوثیوں نے چینی اور روسی جہازوں کو محفوظ راستہ دینے کا وعدہ کرلیا

صرف اسرائیل کے حمایتی ملکوں کے لیے کوئی رعایت نہیں، حوثی رہنما کا روسی نشریاتی ادارے کو انترویو
شائع 19 جنوری 2024 01:38pm

یمن کے ایرانی حمایت یافتہ حوثی جنگجوؤں نے روس اور چین سے وعدہ کیا ہے کہ ان کے تجارتی جہازوں کو بحیرہ احمر میں نشانہ نہیں بنایا جائے گا۔

غزہ میں جاری لڑائی کے دوران فلسطینیوں سے اظہارِ ہمدردی و یکجہتی کے لیے حوثی ملیشیا نے بحیرہ احمر میں امریکا سمیت متعدد ممالک کے آئل ٹینکرز اور دیگر تجارتی جہازوں کو راکٹوں اور میزائلوں سے نشانہ بنایا ہے۔

حوثی ملیشیا کے حملوں کے باعث متعدد بڑے کاروباری اداروں نے اپنے جہازوں کو بحیرہ احمر سے گزارنا چھوڑ دیا ہے۔ اس کے نتیجے میں دنیا بھر میں مال کی ترسیل متاثر ہوئی ہے۔ بعض ممالک میں توانائی کے بحران کو اس صورتِ حال نے مزید خطرناک بنادیا ہے۔

روسی نشریاتی ادارے Izvestia سے انٹرویو میں حوثی ملیشیا کے رہنما محمد البخیتی نے کہا کہ جو ممالک اسرائیل یا کسی اور متنازع ملک سے تعلق نہیں رکھتے اُن کے جہاز یمن کے پانیوں میں محفوظ ہیں۔

حوثی ملیشیا کے رہنما کا کہنا تھا کہ روس، چین اور چند دوسرے ممالک کے جہازوں کو بحیرہ احمر میں کوئی خطرہ نہیں۔

اسرائیل کی حمایت اور مدد کرنے والے ممالک کے جہازوں پر حملے جاری رہیں گے۔

حوثی ملیشیا کا کہنا ہے کہ چند خاص قومیتوں کے جہازوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے تاہم ایک امریکی نیوی کمانڈر کا کہنا ہے کہ جن جہازوں کو راکٹوں اور میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا ہے ان کا درجنوں ممالک سے تعلق ہے۔

امریکی فوج نے جمعرات کو ایک بار پھر یمن میں حوثی ملیشیا کو نشانہ بنایا۔ اس کے جواب میں حوثی جنگجوؤں نے آج (جمعہ کو) ایک امریکی جہاز پر حملہ کیا ہے۔

HOUTHI MILITIA

ATTACKS IN RED SEA

ROCKET AND MISSILE ATTACKS