Aaj News

ہفتہ, نومبر 02, 2024  
29 Rabi Al-Akhar 1446  

مسلم لیگ ن کے جلسے بتا رہے ہیں 2018 میں نواز شریف کو دھاندلی سے ہرایا گیا، مریم نواز

اچھا لیڈر وہ ہوتا ہے جو مشکل میں میدان چھوڑ کر نہ بھاگے، نائب صدر ن لیگ
شائع 19 جنوری 2024 04:57pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کے جلسوں میں عوام کا جم غفیر بتا رہا ہے کہ مہنگائی کی ذمہ دار ن لیگ نہیں ہے عوام جانتے ہیں کہ 2018 میں نواز شریف کو دھاندلی سے ہرایا گیا، سیاست میں اتارچڑھاؤ اچھا برا وقت آتا رہتا ہے، اچھا لیڈر وہ ہوتا ہے جو مشکل میں میدان چھوڑ کر نہ بھاگے، خانیوال کے عوام نے ہمیشہ ن لیگ کا ساتھ دیا۔

مسلم لیگ (ن) کے خانیوال کے ریلوے گراؤنڈ میں ہونے والے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا کہ اندازہ نہیں تھا کہ خانیوال والے سردی میں بھی سب کو مات دے دیں گے، آج شدید سردی کے باوجود آپ یہاں حاضر ہوئے ہو، آپ کے اس جذبے پر آپ کو سلام پیش کرتی ہوں۔

مریم نواز نے کہا کہ خانیوال والو آپ کی 2 شاباش بنتی ہے، ایک تو یہ ہے کہ اگر آج نواز شریف وطن واپس آئے ہیں تو اس کی وجہ یہ ہے کہ خانیوال کے عوام نے ڈٹ کر ساتھ دیا، نواز شریف واپس آئے ہیں تو اس کی وجہ یہی ہے کہ خانیوال کے عوام اور قیادت میدان چھوڑ کر نہیں بھاگی، اچھا لیڈر وہ ہوتا ہے جو مشکل میں میدان چھوڑ کر نہ بھاگے۔

انہوں نے مزید سیاست میں آسان اور مشکل وقت آتا ہے، اصل سیاستدان اور کارکن وہ ہوتا ہے جو ’شیر‘ کی طرح ڈٹ کر کھڑا ہو۔ خانیوال کے عوام مشکل وقت میں نواز شریف کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہوئے ہیں، 2018 میں بھی ن لیگ کو دھاندلی سے ہرایا گیا تو بھی خانیوال کے عوام نے یہاں کسی اور کو گھسنے نہیں دیا، خانیوال کےعوام نے ہمیشہ ن لیگ کا ساتھ دیا۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ مشکل ترین حالات میں بھی کوئی لیگی ہمیں چھوڑ کر نہیں گیا، آج پی ٹی آئی کے لوگ پریس کانفرنس کرکے بھاگ رہے ہیں، کیا نوازشریف نے کہا کہ 9 مئی کو حملے کردو، کیا نوازشریف نے کہا کہ جعلی پارٹی انتخابات کراؤ، آج میدان میں ن لیگ کا مقابلہ کرنے والا کوئی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ کیا نوازشریف نے نکالے جانے پر جھوٹا سائفر لہرایا، کیا نوازشریف نے کوئی قومی راز فاش کیا، نوازشریف نکالے جانے پر چپ چاپ گھر چلا گیا، کیا نوازشریف نے جھوٹا پلسٹر چڑھایا، ن لیگ کے انٹراپارٹی الیکشن میڈیا کے سامنے ہوتے ہیں، شیر کا انتخابی نشان جعلی انٹراپارٹی الیکشن پر نہیں لیا گیا تھا۔

ن لیگ کی چیف آرگنائزر کا مزید کہنا تھا کہ چوری اور جعل سازی کرکے کہتے ہو سازش کی گئی، نوازشریف تم سے انتقام نہیں لے رہا، نوازشریف نے اپنا معاملہ اللہ پر چھوڑ دیا تھا، اب تم لوگ اپنی مظلومیت کارونا نہ رو، نوجوانوں سے پوچھتی ہوں کہ لیپ ٹاپ چاہیئے یا پیٹرول بم، ملک بھر میں نوازشریف کے منصوبے موجود ہیں۔

مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ ملک کو سنوارنے اور بنانے والا نوازشریف ہے، نوازشریف عوام کی خدمت کے لیے مضبوط حکومت چاہتے ہیں، نوازشریف چاہتے ہیں کہ ملک میں مہنگائی پھرکم ہو، نوازشریف کا بیانیہ اور منشور خدمت اور ترقی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں خدمت کے نشان نوازشریف کا بیانیہ ہیں، پاکستان کی ترقی کاضامن نوازشریف ہے، عوام 8 فروری کو ن لیگ کو ووٹ دیں، عوام شیر پر ٹھپہ لگا کر اپنی ترقی پر ٹھپہ لگائیں۔

مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ میں ان لوگوں کو مخاطب کر کے کہتی ہوں کہ کان کھول کر سن لو کہ جو کہتے ہیں اس مہنگائی کا ذمہ دار مسلم لیگ ن ہے تو اب آنکھیں بھی کھول کر دیکھ لو کہ عوام کا جم غفیر کہتا ہے کہ اس مہنگائی کی ذمہ دار مسلم لیگ ن نہیں ہے۔

ن لیگ کا جلسہ

پاکستان مسلم لیگ (ن) آج خانیوال کے ریلوے گراؤنڈ میں حلقہ این اے 145 اور پی پی 211، 206 کے لیے انتخابی مہم کے تحت جلسہ کررہی ہے۔

جلسے سے مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزرمریم نواز کے خطاب کے لیے ریلوے گراؤنڈ میں ان کے استقبال کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔

خانیوال میں قومی اسمبلی کے حلقہ این سے 145 سے محمد خان ڈاہا جبکہ صوبائی اسمبلی کے لیے پی پی 211 سے رانا سلیم حنیف اور پی پی 206 سے اسامہ فضل ن لیگ کے امیدوار ہیں۔

جلسہ گاہ میں مسلم لیگ ن کی مرکزی اور مقامی قیادت کی بڑی بڑی تصاویر آویزاں کی گئی ہیں۔

مسلم لیگ ن کی جانب سے جلسہ گاہ کی سیکیورٹی کے بھی فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔

PMLN

Maryam Nawaz

Khanewal

Election 2024

GENERAL ELECTION 2024