انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہی ہوں گے، تمام انتظامات مکمل ہیں، چیف الیکشن کمشنر
چیف الیکشن کمشنر نے واضح کیا ہے کہ انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہی ہوں گے، انتخابات کے انعقاد کے لیے ان کے تمام انتظامات مکمل ہیں، ہر قسم کی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تمام تر پیش بینی اور تیاری مکمل ہے۔
الیکشن کمیشن میں عام انتخابات کی تیاریوں سے متعلق اہم اجلاس ہوا جس کی صدارت چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کی۔
اجلاس میں ممبران الیکشن کمیشن، سیکرٹری داخلہ، چاروں صوبائی چیف سیکرٹریز کے علاؤہ آئی جیز، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندگان، چیف کمشنر اسلام آباد، سیکرٹری الیکشن کمیشن نے شرکت کی۔
چیف الیکشن کمشنر نے واضح کیا کہ انتخابات کا پر امن انعقاد انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری ہے، سیکیورٹی حکام نے بریفنگ میں بتایا انتخابات کے انعقاد کے لیے ان کے تمام انتظامات مکمل ہیں، ملک کے کچھ حصوں میں تھریٹ الرٹس ہیں، پر امن انتخابات کے لیے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔
چیف سیکرٹری خیبرپختونخوانے بتایا کہ برفباری سے متاثرہ اضلاع میں سڑکوں اور راستوں کو کھلا رکھنے اور پولنگ سٹیشنوں تک عوام کی رسائی کو یقینی بنایا جائے گا۔
چیف سیکرٹری بلوچستان نے بتایا کہ پر امن پولنگ کے لیے پولنگ سٹیشن سطح پر امن کمیٹیاں قائم کی جا رہی ہیں۔
چیف سیکرٹری پنجاب نے بتایا کہ انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ میں تبدیلی سے متعلق واضح پالیسی ہدایات جاری کی جائیں۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے بتایا کہ بیلٹ پیپرز کی پرنٹنگ کا کام جاری ہے، اگر انتخابی نشان میں تبدیلیاں کی گئیں تو ان حلقوں میں الیکشن کروانا مشکل ہو جائے گا۔
مزید پڑھیں
رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کی فہرست جاری ، پی ٹی آئی کا نام شامل
گوگل پاکستان الیکشن ٹرینڈ: سب سے زیادہ دلچسپی کن جماعتوں میں
سیکرٹری داخلہ نے بتایا کہ الیکشن کے لیے وفاقی سطح پر کنٹرول روم بنا دیے گئے ہیں اور وزارت داخلہ تمام اداروں کے ساتھ رابطہ میں ہے۔
Comments are closed on this story.