Aaj News

جمعرات, نومبر 21, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

ٹرمپ کی پہلی فتح: امریکی انتخابات میں کاکس اور پرائمری کیا ہیں

صدارتی انتخابات 2024 کے عمل کے اغاز پر پہلی جنگ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جیت لی
اپ ڈیٹ 17 جنوری 2024 09:33am

امریکا میں صدارتی انتخابات 2024 کے عمل کے اغاز پر پہلی جنگ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جیت لی ہے۔ ریاست آئیوا میں ریپبلیکن پارٹی کے کاکس میں ٹرمپ فاتح قرار پائے ہیں۔

ٹرمپ کے مقابلے میں نکی ہیلے سمیت دو امیدوار تھے۔ دوسری اور تیسری پوزیشن کے نتائج فوری طور پر جاری نہیں کیے گئے تاہم یہ واضح ہے کہ ٹرمپ پہلے پڑاؤ میں جیت چکے ہیں۔

امریکا کے انتخابات میں کاکس اور پرائمریز صدارتی امیدواروں کو چننے کا ایک طریقہ ہیں جو طویل عرصے سے رائج ہیں۔

کاکس اور پرائمریز کیا ہیں؟

ہر مرتبہ امریکہ میں صدارتی انتخابات کے لیے عمل کا اغاز جنوری میں ہوتا ہے جب دونوں بڑی جماعتیں ریپبلکن پارٹی اور ڈیموکریٹک پارٹی اپنے اپنے کاکس اور پرائمری کا انعقاد کرتی ہیں۔

کاکس یا پرائمری میں ریاست میں موجود پارٹی کے رجسٹرڈ ممبرز ووٹ کے ذریعے ان نمائندوں کو منتخب کرتے ہیں جنہوں نے بعد میں قومی سطح پر پارٹی کے کنونشن میں صدارتی امیدوار کے انتخاب میں حصہ لینا ہوتا ہے۔

ووٹرز پر یہ بات واضح ہوتی ہے کہ کون سے نمائندوں کو چننے سے بالاخر قومی سطح پر کون سا امیدوار کامیاب ہوگا۔

بعض ریاستوں میں کاکس منعقد ہوتے ہیں اور بعد میں پرائمریز دونوں میں فرق ہی صرف اتنا ہے کہ کاکس سیاسی جماعتیں خود منعقد کرتی ہیں اور پرائمریز کا انعقاد ریاستی انتظامیہ کی جانب سے کیا جاتا ہے۔

کسی ایک ریاست میں کاکس یا پرائمری جیتنے کا یہ مطلب نہیں کہ جیتنے والا صدارتی امیدوار نامزد ہو گیا تاہم یہ اس سلسلے میں پہلا اہم قدم ضرور ہے اور اس سے رجحانات کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

آئیوا کاکس اس لیے اہم ہے کہ یہ صدارتی انتخابات میں سب سے پہلا کاکس ہے۔ ڈیموکریٹک پارٹی کے صدارتی امیدوار کو چننے کیلئے سب سے پہلی پرائمری نیوہمپشائر میں 23 جنوری کو منعقد ہوگی۔

جو امیدوار جتنی زیادہ پرائمریز یا کاکس میں کامیاب ہو اس کے قومی کنونشن میں جیتنے کے امکانات اور اس کے نتیجے میں صدارتی امیدوار نامزد ہونے کے چانسز بڑھ جاتے ہیں۔

Donald Trump

Election 2024