الیکشن میں لیول پلیئنگ فیلڈ ہوتی ہے، کسی کا میڈیا ٹرائل نہیں ہونا چاہیے، جہانگیر ترین
سربراہ استحکام پاکستان پارٹی جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ الیکشن میں لیول پلیئنگ فیلڈ ہوتی ہے، کسی کا بھی میڈیا ٹرائل نہیں ہونا چاہیے، الیکشن انشاء اللہ اپنے وقت پر ہوں گے۔
ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سربراہ آئی پی پی نے کہا کہ دو ہزار اٹھارہ میں ہم ایک جذبے کیساتھ آئے تھے، پی ٹی آئی سے ہمیں بہت زیادہ امیدیں وابستہ تھیں لیکن پی ٹی آئی اپنے مؤقف سے ہٹ گئی تاہم ہمارا مؤقف وہی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو الیکشن 2024 کیلئے انتخابی نشان ”بلا“ نہ ملنے پر بات چیت کرتے ہوئے جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ انتخابی نشان کا فیصلہ ہمارا نہیں، الیکشن کمیشن کا ہے۔
انتخابی اتحاد پر بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ ایک اچھی چیز ہے، ن لیگ سے کچھ نشستوں پر ایڈجسٹمنٹ اور کچھ پر مقابلہ ہے، الیکشن میں کامیابی کیلئے بھرپور محنت کر رہے ہیں۔
جہانگیر ترین نے کہا کہ ہماری پارٹی مشکل کاموں میں ہاتھ ڈالے گی، ہم تجربوں سے سیکھ گئے ہیں، لودھراں اور ملتان دونوں میری پہلی ترجیح ہیں، ہم نے مانگ تانگ کر یہ سیٹ نہیں لی۔
سربراہ استحکام پاکستان پارٹی کا کہنا تھا کہ سب سے بڑا مسئلہ پاکستان کا مہنگائی ہے، معیشت باتیں کرنے سے ٹھیک نہیں ہوتی، اس کے لئے عملی اقدامات کرنے ہوتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ملک کی بہتری کیلئے کام کریں گے، عوام سے کیے گئے وعدے پورے کریں گے، ملتان کے رکے ہوئے کام پورے کرکے شہر میں ترقی کا نیا سفرشروع کریں گے۔
Comments are closed on this story.