Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

ایک شخص کو چوتھی بار پاکستان پر مسلط کرنیکی کوشش ہورہی ہے، بلاول

ن لیگ کہتی ہے پیسا نہیں ہے، میں کہتا ہوں پیسہ و وسائل ہیں آپ نے چوری کیے،اسلام آباد کے بابو پیسہ نہیں دیتے، بلاول
اپ ڈیٹ 14 جنوری 2024 08:10pm
PPP Chairman Bilawal Bhutto speech | Dera Murad Jamali Jalsa - Aaj News

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کے لوگ عوامی حکومت چاہتے ہیں لیکن ایک شخص کو چوتھی بار پاکستان پر مسلط کرنیکی کوشش ہورہی ہے۔ ن لیگ کہتی ہے پیسا نہیں ہے 18ویں ترمیم، این ایف سی ختم کرو، میں کہتا ہوں پیسہ اور وسائل ہیں لیکن آپ نے چوری کئے ہیں، اسلام آباد میں بیٹھے بابو پیسہ نہیں دیتے، ان سے پیسہ چھین کرعوام کو دوں گا۔

ڈیرہ مراد جمالی میں جلسے سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم 8 فروری کو اپنا حق چھینیں گے، ایک شخص کو آپ نے تین بار وزیراعظم بنایا، اور آج اس شخص کو چوتھی بار مسلط کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، کیا آپ (عوام) ایک بار پھر ن لیگ کا وہی وزیرخزانہ دیکھنا چاہتے ہیں؟

انھوں نے کہا کہ چاروں صوبوں کے عوام اسلام آباد میں بیٹھے حکمران کے کردار سے خوش نہیں، پاکستان کے عوام یہ فیصلہ نہیں مانتے، پاکستان کے عوام کسی کےغلام نہیں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ خارجہ سطح پر پاکستان کیخلاف سازش ہورہی ہے، پاکستان کے لوگ عوامی حکومت چاہتے ہیں، پاکستان میں معاشی بحران کے ساتھ دہشت گرد بھی سر اٹھا رہے ہیں۔

چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی گھبرانے والی نہیں، ہم میدان میں کھڑے ہیں، ہم نے ضمنی انتخابات میں ڈٹ کر مقابلہ کیا اور ہم عام انتخابات میں مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ عوام مجھے وزیرِ اعظم بنائیں 10 نکات پر عمل کر کے بے روزگاری اور غربت کا مقابلہ کروں گا۔

بلاول نے الیکشن میں کامیاب ہونے کی صورت میں عوام سے وعدے کرتے ہوئے کہا کہ تنخواہیں ڈبل کرکے دکھاؤں گا، منتخب ہو کر نصیرآباد میں یونیورسٹی بناؤں گا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ میں اب سندھ میں سیلاب متاثرین کے لیے 20 لاکھ گھر بنا کر دے رہا ہوں، ہمارے سیلاب متاثرین آج تکلیف میں ہے، بےنظیرکسان کارڈ بنا کر کسانوں کو ریلیف دیں گے۔

بلاول کا خیرپور میں خطاب

خیرپور میں خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ خیرپور کےعوام نے آج ہی اپنا فیصلہ سنا دیا ہے، 8 فروری کو پیپلزپارٹی بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی، جیالا وزیراعلی اور جیالا ہی وزیراعظم ہوگا۔ ہمارا 3 نسلوں سے چلنے والا رشتہ محبت کا رشتہ ہے، عوام میرے اور میں عوام کا ہوں، ہم سب مل کر بہت سے امتحانات سے نکلے ہیں، ہم سب نے بہت کامیابیاں بھی حاصل کی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ جیالوں نے بی بی شہید کا ساتھ دیا اورآمروں کا مقابلہ کیا، عوام نے ہمیشہ پیپلزپارٹی کا ساتھ دیا اور کامیاب کروایا، پاکستانی عوام معاشی بحران سے مشکلات کاشکار ہیں، ملک میں دہشت گردی ایک بار پھر سراٹھا رہی ہے، معاشی بحران اور دہشت گردی سےعوام کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم حکومت بنانے جارہے ہیں، عوامی راج قائم کریں گے، ہم اپنی حکومت میں نفرت اور تقسیم کی سیاست کو دفن کر دیں گے، ہم پورے پاکستان کو ایک کرکے مسائل کا سامنا کریں گے، دیگر جماعتوں کے پاس نہ منشور ہے نا عوام کا احساس ہے، میرا مقابلہ غربت، بیروزگاری، مہنگائی سے ہے۔

بلاول کا عوامی ریلیف کا اعلان

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ منتخب ہو کر کم ازکم تنخواہ کو ڈبل کردیں گے، 300 یونٹ تک صارف کو بجلی مفت دلوائیں گے، لاہورمیں ایک بھی گمبٹ یا خیرپور جیسااسپتال نہیں، گمبٹ اور خیرپور کےاسپتالوں میں مفت علاج ہوتا ہے، معیاری اور مفت اسپتال ہر ضلع اور ہر شہر میں بنائیں گے۔

سیاسی رہنماؤں اور نگراں حکومت پر تیر برسا دیے

بلاول کا کہنا تھا کہ لاہور کے پرانے سیاستدان آج تک پرانی سیاست کر رہے ہیں، نفرت اور تقسیم کی سیاست کی وجہ سے پورا ملک تقسیم ہوگیا ہے، پنجاب میں ترقیاتی کام نہیں رکے، سندھ میں روک دیئے گئے، نگراں حکومت کو شاید سندھ سے خاص محبت ہے جو ترقیاتی کام روک دیے۔

’حساب لوں گا‘

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ جس جس افسر نے سیلاب متاثرین سے حقوق چھینے ان سے حساب لوں گا، 8 فروری کو الیکشن، اور 9 فروری کو حکومت بنے گی پھر حساب لوں گا، جس افسران نے سیلاب متاثرین کے ملکانہ حقوق روکے ان سے حساب لوں گا۔

’اسلام آباد میں بیٹھے بابو پیسہ نہیں دیتے‘

انھوں نے کہا کہ ن لیگ کہتی ہے پیسا نہیں ہے 18ویں ترمیم، این ایف سی ختم کرو، میں کہتا ہوں پیسہ اور وسائل ہیں لیکن آپ نے چوری کئے ہیں، اسلام آباد میں بیٹھے بابو پیسہ نہیں دیتے، ان سے پیسہ چھین کرعوام کو دوں گا۔

بلاول نے کہا کہ اب الیکشن میں صرف 2 جماعتیں ہیں، ایک تیر اور دوسرا شیر ہے، الیکشن میں ایک تیر، دوسرا وہ شیر ہے جوعوام کا خون چوسنے والا ہے، وہ جب بھی وزیراعظم بنا تو عوام کے حقوق پر ڈاکا ڈالا، تیسری بار اسے مسلط کیا گیا اس نے پھرعوام کے حقوق پر ڈاکا ڈالا۔

Nawaz Sharif

Bilawal Bhutto Zardari

Pakistan Politics

Election 2024

انتخابات 2024