Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

عمران خان اور بشریٰ بی بی پر توشہ خانہ کیس میں فرد جرم عائد، ضمانت مسترد

ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا، نیب کے 20 گواہ سامنے آگئے
اپ ڈیٹ 09 جنوری 2024 06:04pm

بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ کیس میں فرد جرم منگل کو عائد کردی گئی چارج شیٹ کے مندرجات بھی منظر عام پر آ گئے۔

نیب کی جانب سے 20 گواہوں کی ایک فہرست بھی سامنے آئی ہے۔

عمران خان کی جانب سے توشہ خانہ اور 190 ملین پاؤنڈ کیسز میں ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواستیں بھی مسترد کردی گئیں۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل اور توشہ خانہ کیس کی سماعت کی۔

اس دوران بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی پر توشہ خانہ کیس میں فرد جرم عائد کی گئی۔

عدالت نے ملزمان کو کمرہ عدالت میں چارج شیٹ پڑھ کر سنائی ، چارج شیٹ سننے کے بعد ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا۔

بانی پی ٹی آئی کے وکلاء اور نیب کے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل مظفرعباسی بھی ٹیم کے ہمراہ کمرہ عدالت میں موجود تھے۔

دوران سماعت بشریٰ بی بی کو 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی نقول فراہم کردی گئیں۔ اس دوسرے کیس میں فرد جرم آئندہ سماعت پر عائد کی جائے گی۔

چارج شیٹ کے مندرجات

چارج شیٹ کے مندرجات بھی منظر عام پر آ گئے، چارج شیٹ میں کہا گیا کہ وزرات عظمیٰ کے دوران سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو مختلف سربراہان مملکت کی طرف سے 108 تحائف ملے ملزمان نے 108 تحائف میں سے 58 قیمتی تحائف خود رکھ لیے، بشریٰ بی بی نے 14 کروڑ روپے مالیت کے 58 تحائف اپنے پاس رکھے، بانی پی ٹی آئی نے سعودی ولی عہد سے موصول ہونے والا جیولری سیٹ انتہائی کم رقم کے عوض اپنے پاس رکھا۔

توشہ خانہ قوانین کے مطابق تمام تحائف توشہ خانہ میں رپورٹ کرنے لازم ہیں تحقیقات میں معلوم ہوا ہے بشریٰ بی بی کو سعودی ولی عہد سے جیولری سیٹ تحفے میں ملے، جیولری سیٹ ملٹری سیکرٹری کے ذریعے توشہ خانہ میں رپورٹ تو ہوا لیکن جمع نہیں کرایا گیا۔

سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے جیولری سیٹ کی 90 لاکھ روپے ادائیگی کی پرائیویٹ فرد سے سیٹ کی اصل قیمت سے انتہائی کم قیمت لگوائی گئی، جیولری سیٹ کی قیمت لگانے کے لیے دبئی کے ماہر سے بھی رابط کیا گیا۔

بشریٰ بی بی اور سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے توشہ خانہ قوانین خلاف ورزی کی اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے تحائف کی من پسند قیمت لگوائی جس سے قومی خزانے 15 سو 73 ملین روپے کا نقصان پہنچاتمام مطلوبہ شواہد، دستاویزی ثبوت اور انکوائری رپورٹ کی روشنی میں ملزمان کے خلاف ٹرائل شروع کیا جاتا ہے۔

نیب کے گواہان

توشہ خانہ ریفرنس میں نیب گواہان کی فہرست سامنےآگئی۔ نیب عمران خان اوربشری بی بی کے خلاف 20 گواہ پیش کرے گا۔

تحفے کا تخمینہ لگانے والے صہیب عباسی بطورگواہ پیش ہوں گے۔ گواہان کی فہرست میں ایک وعدہ معاف گواہ بھی شامل ہے۔

عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں ملک ریاض اور دیگر کی جائیدادیں پیر کو منجمد کر دی تھیں۔

190 ملین پاؤنڈ کیس میں نیب کی جانب سے 12 گواہان کی فہرست عدالت میں جمع کرائی گئی ہے۔

خیال رہے کہ پیر کو سماعت کے دوران عدالت نے ملزمان میں توشہ خانہ مقدمے کی نقول تقسیم کر دی تھیں، تاہم شریک ملزمہ بشریٰ بی بی کے عدالت میں پیش نہ ہونے پر ملزمان پر فرد جرم عائد نہیں کی گئی تھی۔

بشریٰ بی بی کے وکلا کی طرف سے ایک دن کی حاضری سے استثنا کی درخواست دائر کی گئی تھی جو کہ منظور کرلی گئی تھی۔

توشہ خانہ کیس میں نااہلی کیخلاف عمران خان کی درخواستیں سماعت کیلئے مقرر

عدالت نے ملزمہ کے وکلاء کو ہدایت کی تھی کہ وہ منگل کو اپنی مؤکلہ کی عدالت میں حاضری کو یقینی بنائیں تاکہ اس مقدمے کی کارروائی کو آگے بڑھایا جاسکے۔

عدالت نے بشریٰ بی بی کو ایک سو نوے ملین پاؤنڈ کے مقدمے میں ضمانت قبل از گرفتاری دے رکھی ہے۔

ضمانت کی درخواستیں مسترد

عمران خان کی جانب سے توشہ خانہ اور 190ملین پاؤنڈ ریفرنسز میں ضمانت بعد ازگرفتاری کی درخواستیں دی گئی تھیں جن پر عدالت نے محفوظ فیصلہ سنا دیا۔

عدالت نے یہ درخواستیں مسترد کردی ہیں۔

توشہ خانہ ریفرنس میں سماعت11 جنوری تک ملتوی کردی گئی ہے جب کہ 190ملین پاؤنڈریفرنس میں فردجرم کیلئے17جنوری کی تاریخ مقرر ہے۔

imran khan

bushra bibi

tosha khana case

190 million pounds scandal

Adiyala Jail

Indictment