Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

بی جے پی کی متنازع وزیر سمرتی ایرانی مدینہ منورہ پہنچ گئیں

' بھارتی حکومت حج عازمین کو سہولیات و خدمات فراہم کرنے میں مدد کرنے کے لیے پرعزم ہے۔'
اپ ڈیٹ 09 جنوری 2024 12:47pm

متنازع سمجھی جانے والی بھارتی اقلیتی امور کی وزیر اداکارہ سمرتی ایرانی سعودی عرب کے دو روزہ دورے پر موجود ہیں جہاں انہوں نے مدینہ منورہ کا دورہ کیا۔ سمرتی نے حج 2024 کے لیے بھارت اور سعودی عرب کے مابین معاہدے پر دستخط کیے۔

مرکزی وزیر برائے خواتین و بچوں کی ترقی اور اقلیتی امور سمرتی زبین ایرانی اور وزیر مملکت برائے امور خارجہ و پارلیمانی امور وی مرلی دھرن دو روزہ دورے پر سعودی عرب میں موجود ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سمرتی ایرانی نے بتایا کہ انہوں مدینہ منورہ کا تاریخی سفر کیا، اسلام کے مقدس ترین شہروں میں سے ایک مدینہ منورہ میں انہوں نے مسجد نبوی، احد کے پہاڑ اور اسلام کی پہلی مسجد قبا کے احاطے کا دورہ بھی کیا۔

سمرتی کے مطابق ان مقامات کے دورے کی اہمیت ابتدائی اسلامی تاریخ سے جڑی ہوئی ہے جو ہماری ثقافتی اور روحانی وابستگی کی گہرائی کو ظاہر کرتی ہے۔

سمرتی ایرانی کے دورے کے دوران بھارت اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ حج معاہدہ 2024 پر دستخط کیے گئے۔

معاہدے کے مطابق حج 2024 کے لیے بھارت سے کل ایک لاکھ 75 ہزار25 عازمین کے کوٹہ کو حتمی شکل دی گئی ہے جس میں حج کمیٹی آف انڈیا کے ذریعہ ایک لاکھ 40 ہزار 20 نشستیں مختص کی گئی ہیں جبکہ 35 ہزار 5 عازمین کو حج گروپ آپریٹرز کے ذریعہ جانے کی اجازت دی جائے گی۔

بھارتی وزیر نے حج 2023 کے دوران ہندوستانی عازمین حج کو خدمات فراہم کرنے والے رضاکاروں اور اپنے ملک کے عمرہ زائرین کے ساتھ بھی مختصر بات چیت کی، سمرتی ایرانی نے حج 2024 کو بھارتی عازمین کے لیے ایک آرام دہ تجربہ بنانے سے متعلق تجاویز بھی طلب کیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت حج پرجانے والے مسلمانوں کو سہولیات اور خدمات فراہم کرنے میں مدد کرنے کے لیے پرعزم ہے تاکہ انہیں آرام دہ اور اطمینان بخش تجربہ فراہم کیا جاسکے۔

واضح ریے کہ مرتی ایرانی کئی مرتبہ بھارتی مسلمانوں کے سخت ردعمل کا سامنا کر چکی ہیں۔ انہوں نے مسلمان مخالف فلم ’کیرالہ اسٹوریز‘ کی حمایت کی تھی اور اس متنازعہ فلم پر اعتراض کرنے والوں کو دہشت گرد قرار دیا تھا۔ وہ بھارت میں اوقاف بورڈ پر بھی تنقید کر چکی ہیں۔

ماضی میں بھارتی جامعات ان کے کنٹرول میں آئیں تو علی گڑھ اور دہلی یونیورسٹی کے وائس چانسلرز کو انہوں نے برطرف کردیا اور تعلیمی اداروں میں سبزی خور ہندو طلبہ کیلئے الگ کنٹین بنانے کی تجویز دی۔

سمرتی ایرانی نے جولائی 2022 میں مودی کابینہ کے آخری مسلمان وزیر مختارعباس نقوی کے مستعفی ہونے کے بعد عہدہ سنبھالا تھا۔

اداکارہ سے سیاستدان بننے کا سفر طے کرنے والی 47 سالہ سمرتی ایرانی کی شادی اقلیتی برادری پارسی میں ہوئی ہے۔

india

Saudi Arabia

Smriti Irani

Hajj 2024