Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

دسمبر کیلئے پلیئر آف دی منتھ کی نامزدگیوں کا اعلان، کوئی پاکستانی شامل نہیں

آئی سی سی نے بہترین کھلاڑیوں کیلئے مردوں اور خواتین کی کیٹیگریز میں 3،3 ناموں کا اعلان کردیا
شائع 08 جنوری 2024 11:10pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔ ٹوئٹر
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔ ٹوئٹر

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے دسمبر کے لیے پلیئر آف دی منتھ کی نامزدگیوں کا اعلان کردیا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے دسمبر کے بہترین کھلاڑیوں کے لیے مردوں اور خواتین کی کیٹیگریز میں تین، تین ناموں کا اعلان کردیا جس میں کوئی بھی پاکستانی کرکٹر شامل نہیں ہے۔

آئی سی سی مینز پلیئر آف دی منتھ دسمبر کی نامزدگیوں میں آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز، بنگلادیش کے تیج الاسلام اور نیوزی لینڈ کے گلین فلپس شامل ہیں۔

آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کو پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں عمدہ بولنگ پرفارمنس، بنگلہ دیشی بولر تیج الاسلام کو نیوزی لینڈ کے خلاف عمدہ بولنگ جبکہ نیوزی لینڈ کے گلین فلپس کو بنگلادیش کے خلاف ٹیسٹ میچ میں عمدہ بولنگ اور بیٹنگ پر نامزد کیا گیا۔

پیٹ کمنز (آسٹریلیا)

آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کے لیے سال 2023 خوش قسمت ثابت ہوا جب کہ ان کی قیادت میں آسٹریلیا نے بے پناہ کامیابیاں حاصل کیں۔

گذشتہ سال آسٹریلیا نے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ اور آئی سی سی ورلڈکپ ٹیسٹ چیمپن شپ جیسے ٹورنامنٹ جیت کر تاریخ رقم کی جب کہ ایشز سیریز 2023 بھی برابر کرنے میں کامیاب رہے۔

پیٹ کمنز نے اپنی دھواں دھار بولنگ سے دسمبر میں خوب کامیابیاں سمیٹیں اور اپنی بولنگ سے مخالف بلے بازوں کو خوب پریشر میں رکھا۔

انہوں نے پاکستان کے خلاف سیریز کے پہلے میچ میں تین وکٹیں حاصل کیں جب کہ تیسرے میچ کی پہلی اننگز میں انہوں نے 48 رنز دے کر پانچ وکٹیں اور دوسری اننگز میں 49 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔

آسٹریلوی کپتان میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے جب کہ سیریز میں کامیابی کے بعد آسٹریلیا ایک بار پھر سے ٹیسٹ میں نمبر ون ٹیم بن گئی۔

تیج الاسلام (بنگلادیش)

بنگلادیش کے اسپنر تیج السلام نے اپنی گھومتی گیندوں سے نیوزی لینڈ کے بلے بازوں کو خوب پریشان کیا جب کہ دو ٹیسٹ میچز سیریز کے پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں انہوں نے 109 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔

انہوں نے دوسری اننگز میں 75 رنز دے کر 6 کھلاڑیوں کا شکار کیا جب کہ میچ میں مجموعی طور پر تیج السلام نے 10 وکٹیں حاصل کیں۔

نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں بھی تیج الاسلام کی شاندار کارکردگی برقرار رہی اور انہوں نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔

پہلے میچ میں بنگلادیشی اسپنر کو بہترین کھلاڑی کے اعزاز سے نوازا گیا جب کہ وہ سیریز کے بہترین کھلاڑی بھی قرار پائے۔

گلین فلپس (نیوزی لینڈ)

بنیادی طور پر بیٹنگ اور وکٹ کیپنگ کے لیے مشہور نیوزی لینڈ کے کھلاڑی گلین فلپس نے بنگلادیش کے خلاف اپنی شاندار اسپن بولنگ کا مظاہرہ کیا۔

پہلے ٹیسٹ میں انہوں نے 5 وکٹیں حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ 42 اور 62 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ دوسرے ٹیسٹ میں بھی شاندار آل راؤنڈر پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔

گلین فلپس نے پہلی اننگز میں 31 رنز دے کر 3 وکٹیں آڑائیں جب کہ بیٹنگ میں ان کی کارکردگی نے نیوزی لینڈ کو سیریز برابر کرنے میں مدد فراہم کی۔

انہوں نے پہلی اننگز اور پھر دوسری اننگز میں بھی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی جب کہ پہلی اننگز میں 72 گیندوں پر 87 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور دوسری اننگز میں مچل سینٹنر کے ساتھ شراکت داری میں 40 رنز اسکور کیے۔

عمدہ کارکردگی کی بدولت گلین فلپس کو بہترین کھلاڑی کے اعزاز سے نواز گیا جب کہ وہ نیوزی لینڈ کے خلاف سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بھی قرار پائے۔

آئی سی سی ویمن پلیئر آف دی منتھ دسمبر کیلئے نامزدگیوں کا اعلان

دوسری جانب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ویمن پلیئر آف دی منتھ دسمبر کی کھلاڑیوں کی نامزدگی کا اعلان کردیا۔

خواتین کی کیٹیگری میں بھارت کی جمائما روڈریگز اور دپیتی شرما اور زمبابوے کی پریشیس مارنج کو نامزد کیا گیا ہے۔

جمائما روڈریگز نے انگلینڈ اور آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ اور ون ڈے میچز میں عمدہ پرفارمنس کے ذریعے اپنی ٹیم کی فتوحات میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

انگلینڈ کے خلاف اپنے ڈیبیو ٹیسٹ میں انہوں نے 47 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کی تھیں اور انتہائی اہم نصف سنچری بھی اسکور کی تھی جبکہ آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں انہوں نے 73 رنز کی اننگز کھیلی۔

دپیتی شرما نے دسمبر کے مہینے میں 2 ٹیسٹ میچوں میں 165 رنز اور 11 وکٹیں حاصل کیں جبکہ آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ون ڈے میں انہوں نے 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

زمبابوے کی پریشیس مارنج نے یوگنڈا کے خلاف آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے کوالیفائر میچ میں 4 اوورز میں 7 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں جس میں ہیٹ ٹرک بھی شامل تھی۔

افریقا ریجن کے کوالیفائر ٹورنامنٹ میں انہوں نے مجموعی طور پر 13 وکٹیں حاصل کیں۔

ICC

dubai

icc player of the month

INTERNATIONAL CRICKET COUNCIL (ICC)