Aaj News

ہفتہ, نومبر 02, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

خود کو چوتھی مرتبہ وزیراعظم کہنے والا گھر سے نہیں نکل رہا، بلاول بھٹو

اس الیکشن میں بھی اتنی ہی گڑبڑہورہی ہےجتنی ماضی میں ہوتی رہی ہے، چیئرمین پی پی پی
شائع 08 جنوری 2024 09:29pm

پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ خود کو چوتھی مرتبہ وزیراعظم کہنے والا گھر سے نہیں نکل رہا، اس الیکشن میں بھی اتنی ہی گڑبڑ ہو رہی ہے جتنی ماضی میں ہوتی رہی ہے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ نوازشریف اہل ہیں نا اہل وکلا بتائیں گے، چاہتے ہیں ملک کے جمہوری نظام میں بہتری آئے، ہم نے ابھی تک تاریخ سے سبق نہیں سیکھا، نوازشریف بھی ماضی سے سبق بھول چکے ہیں، بانی پی ٹی آئی کو بھی چاہیے کہ وہ بھی ماضی سے سبق سیکھیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم نے اپنے دور میں ایسا ماحول بنایا تھا کہ سیاسی انتقام نہ لیا جائے، ہمارے دور میں ایک بھی سیاسی قیدی نہیں تھا، اداروں میں مداخلت اورسیاست نہیں کرنی چاہیے، بانی پی ٹی آئی نےاپنی جماعت کوبندگلی میں دھکیل دیا، میں نے پارلیمنٹ میں کہا تھا کہ ایسا نہ ہو پاکستان کی سیاست بندگلی میں چلی جائے، نئی حکومت کا مقصد یہی ہوگا کہ مخالفین کو جیل میں ڈالنا ہے تو ملک نہیں چلے گا، سیاستدان یہی سیاست کرتے کرتے بزرگ ہوگئے۔

چیئرمین پی پی پی کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو اندازہ ہے کہ وہ چوتھی مرتبہ وزیراعظم بنیں گے، لیکن اگر ان کو یقین ہوتا تو وہ انتخابی مہم چلا رہے ہوتے، ان کا چہراترا ترا ہوا ہے، ایسا نہیں لگ رہا ہے کہ وہ وزیراعظم بنیں گے، اگر وہ وزیراعظم بنیں گے تو ایک مسکراہٹ تو کردیتے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ چاہتے ہیں پاکستان کی جمہوریت اور نظام میں بہتری لائیں، آج ماحول میں ذاتی انتشار زیادہ نظرآرہاہے، اداروں میں مداخلت اور سیاست نہیں کرنی چاہیے، اس الیکشن میں بھی اتنی ہی گڑبڑہورہی ہےجتنی ماضی میں ہوتی رہی ہے۔

سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ ن لیگ کی مرضی ہے کہ انتخابی مہم نہ چلائی جائے، انہوں نے تاثر دیا کہ سب کچھ ان کیلئے بنایا جا رہا ہے، خود کو چوتھی مرتبہ وزیراعظم کہنے والا گھر سے نہیں نکل رہا، نوازشریف چاہیں یا نہ چاہیں 8 فروری کو الیکشن ہوں گے، چیف جسٹس نے بھی کہا ہے کہ الیکشن 8 فروری کو ہوں گے۔

بلاول بھٹو کی سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات

سپریم کورٹ میں ذوالفقار علی بھٹو ریفرنس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ امید ہے اس کیس میں پیپلز پارٹی کو انصاف ملے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ موقع ہے کہ ہم تاریخ کو درست کریں گے، امید ہے عوام اور پی پی کو انصاف ضرور ملے گا۔ تمام اسٹیک ہولڈرز کو اپنی غلطیاں ماننی چاہئیں، امید ہے چیف جسٹس اور دیگر ججز انصاف پر مبنی فیصلہ کریں گے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ چیف جسٹس سمیت تمام ججز پُراعتماد ہیں، عدلیہ پر اعتماد ہے کہ ہمیں انصاف فراہم کرے گی۔

بلاول نے مزید کہا کہ ہم نہیں سمجھتے ہمارے نظام میں اتنی شفافیت ہے کہ کسی کو بھی پھانسی کی سزا دی جائے، اب جو کچھ ہو رہا ہے ماضی میں اس سے بہت برا ہوا ہے۔

بلاول کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس نے بھی کہا ہے الیکشن 8 فروری کو ہوں گے، اقوام متحدہ سے بھی قرارداد پاس کروا لیں لیکن الیکشن 8 فروری ہی کو ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ سینیٹ کی قرارداد میں زیادہ وزن ہے یا چیف جسٹس کی بات پر۔

ان کا کہنا تھا کہ امید ہے کراچی کی عوام پیپلز پارٹی کو موقع دیں گے، اس وقت میں تمام سیاسی جماعتوں سے مقابلہ کررہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پی پی نے پی ٹی آئی کو شکست دے کر کراچی سے بلدیاتی الیکشن جیتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی بے گناہ ہیں تو ان کو جیل میں نہیں ہونا چاہیے۔

بلاول نے کہا کہ ہم ذاتی انا کو دفن کرکے بہتر مستقبل کی طرف جاسکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بلا تو الیکشن کمیشن کی انتخابی نشان کی فہرست میں شامل ہی نہیں تھا۔

Bilawal Bhutto Zardari

SUPREME COURT OF PAKISTAN (SCP)

Zulfiqar Ali Bhutto Reference

Election 2024

Election Jan 8 2024