Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

بھارت اور پاکستان میں لاکھوں کو متاثر کرنیوالی فلم ’12 ویں فیل‘ حقیقی سرکاری افسر میاں بیوی کی کہانی

فلم مسابقتی امتحان یونین پبلک سروس کمیشن کے امیدواروں کے گرد گھومتی ہے
اپ ڈیٹ 07 جنوری 2024 10:48pm
فوٹو ــ بھارتی میڈیا
فوٹو ــ بھارتی میڈیا

بالی ووڈ فلم ”12 ویں فیل“ کو دنیا بھر میں اس میں دکھائی جانے والی کہانی اور کرداروں کی وجہ سے پذیرائی مل رہی ہے۔ فلم میں مرکزی کردار ایک بھارتی پولیس افسر کی حقیقی زندگی کی جدوجہد پر مبنی ہے۔

ودھو ونود چوپڑا کی ہدایتکاری میں بننے والی اس فلم میں بالی ووڈ اداکار وکرانت میسے نے منوج کمار شرما کا کردار نبھایا ہے، جو غربت اور معاشی تنگی کے باوجود اپنی محنت اور لگن سے آئی پی ایس افسر بن گئے تھے۔

فلم ’12 ویں فیل‘ میں آئی پی ایس (انڈین پولیس سروس) آفیسر منوج کمار شرما کی کہانی ہے جو چمبل کے علاقے سے تعلق رکھتے ہیں۔ منوج کمار کو اپنی اعلیٰ تعلیم کے دوران کئی مسائل کا سامنا رہا اور وہ بارھویں کے امتحان میں ہندی کے علاوہ تمام مضامین میں فیل ہوگئے۔

لیکن انھوں نے ہمت نہیں ہاری اور دوسری کوشش میں بارھویں کا امتحان پاس کرلیا، اس کے بعد انھوں نے اپنی گریجویشن مکمل کی اور بھارت کے شہر دہلی آئے جہاں پر انھوں نے مسابقتی امتحان یونین پبلک سروس کمیشن (یو پی ایس سی) کی تیاری شروع کی۔

امتحان کی تیاری کے دوران اپنی تعلیم اور دیگر اخراجات کیلئے مختلف نوکریاں بھی کیں جن میں ٹرک ڈرائیور، لائبریری میں چپڑاسی کی نوکری اور لوگوں کے پالتو جانوروں کی دیکھ بھال شامل تھیں۔

منوج کمار مسابقی امتحان میں تین بار ناکام ہونے کے باوجود چوتھی بار کامیابی سے ہمکنار ہوگئے، اور بھارتی پولیس میں بطور آفیسر بھرتی ہوگئے۔

اگرچہ منوج کمار نامساعد حالات کے باوجود اعلیٰ افسر بن گئے لیکن ان کی اس جدوجہد میں شردھا جوشی کا بھی اہم کردار رہا جنھوں نے ہر موقع پر منوج کی ڈھارس بندھائی۔

شردھا جوشی خود بھی ایک اعلیٰ بھارتی آفیسر ہیں جنھوں نے مسابقی امتحان پہلی کوشش میں پاس کرلیا تھا۔ منوج کمار اور شردھا جوشی بعد ازاں شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔

فلم کی اسٹار کاسٹ میں وکرانت میسے کے علاوہ اننت جوشی، سنجے بشنوئی، پریانشو چٹرجی، پیری چھابرا، تریکش چھابرا، وکاس دیویہ کریتی شامل ہیں۔

ودھو ونود چوپڑا جو اس سے قبل باکس آفس پر تہلکہ مچانے والی تھری ایڈیٹس، منا بھائی ایم بی بی ایس اور پی کے جیسی فلمیں بناچکے ہیں۔

showbiz celebrities

BOLLYWOOD NEWS