’گورنر ہاؤس میں پرائیویٹ پارٹی‘: صدر مملکت عارف علوی کے بیٹے ’صادق و امین نہیں‘
صدر پاکستان عارف علوی کے بیٹے اواب علوی اور پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان کی اپیلوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی رہنما اسلم خان کی ریٹرننگ افسر کے فیصلے کے خلاف اپیل منظور کرلی گئی ہے۔
این اے 241 سے خرم شیر زمان کے کاغذات مسترد ہونے کے خلاف اپیل پر سماعت ہوئی۔
دوران سماعت وکیل اپیل کنندہ نے کہا کہ خرم شیر زمان کے کاغذات نامزدگی مسترد کئے گئے ہیں، ریٹرننگ افسر نے خرم شیر زمان کو کہا ہے کہ وہ صادق اور امین نہیں ہیں۔
ایکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ خرم شیر زمان نے بیان حلفی میں کاروبار سے متعلق غلط معلومات دی ہیں۔
ٹریبونل نے خرم شیرزمان کی اپیل پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
اواب علوی کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیل پر سماعت کے دوران وکیل اپیل کنندہ نے کہا کہ اواب علوی کے کاغذات مسترد کرتے ہوئے کہا گیا صادق اور امین نہیں ہیں۔
وکیل اپیل کنندہ نے کہا کہ ریٹرننگ افسر کیسے کسی کو صادق و امین قرار دے سکتا ہے؟
دوران سماعت الیکشن کمیشن نے بتایا کہ گورنر ہاؤس میں نجی تقریب منعقد کی گئی۔ جس پر وکیل اواب علوی نے کہا کہ گورنر ہاؤس میں پرائیویٹ تقریب منعقد کرنے کا الزام درست نہیں۔
دوسری جانب این اے 235 سے پی ٹی آئی امیدوار سیف الرحمان کی اپیل پر سماعت کے دوران وکیل نے کہا کہ اپیل کنندہ کے کاغذات کاروبار چھپانے اور دیگر الزامات پر مسترد کیے گئے۔
وکیل سیف الرحمان کے مطابق ان پر بینک اکائونٹس کی معلومات چھپانے کا الزام لگایا گیا۔
وکیل نے بتایا کہ تمام کاروبار اور بینک اکاؤنٹس ڈیکلیئرڈ ہیں۔
این اے 241 سے پی ٹی آئی امیدوار مزمل اسلم کی اپیل پر سماعت کے دوران وکیل نے کہا کہ ان کے کاغذآت نامزدگی گاڑی اور اہلیہ کے اثاثے ظاہر نہ کرنے پر مسترد کیے گئے۔
Comments are closed on this story.