Aaj News

جمعہ, دسمبر 27, 2024  
24 Jumada Al-Akhirah 1446  

توہین الیکشن کمیشن کیس: بانی پی ٹی آئی کی کمیشن ارکان کو سنگین دھمکیاں

تم سب کی شکلیں پہچانتا ہوں اقتدار میں آکر تم پر آرٹیکل 6 لگاؤں گا، عمران خان کی دھمکی
شائع 05 جنوری 2024 01:56pm

بانی تحریک انصاف عمران خان نے سماعت کے دوران الیکشن کمیشن کے چاروں ارکان کو دھمکیاں دیتے ہوئے کہا کہ تم سب کی شکلیں پہچانتا ہوں، اقتدار میں آکر تم پر آرٹیکل 6 لگاؤں گا۔

اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کے خلاف توہین الیکشن کمیشن اور توہین چیف الیکشن کمشنر کیس کی سماعت ہوئی تھی، اور بانی پی ٹی آئی اور فواد چوہدری پر فرد جرم عائد کی گئی تھی۔

کیس کی سماعت کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے، اور ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی فرد جرم عائد کیے جانے کے دوران شدید غصے میں آگئے، اور انہوں نے دوران سماعت الیکشن کمیشن کے چاروں ارکان کو سنگین دھمکیاں دیں۔

ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے کمیشن ارکان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں تم سب کی شکلیں پہچانتا ہوں اور نام بھی معلوم ہیں، اقتدار میں آکر تم پر آرٹیکل 6 لگاؤں گا۔

مزید پڑھیں: توہین الیکشن کمیشن کیس: فواد چوہدری اور عمران خان پر فرد جرم عائد

ذرائع نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے ارکان سے کہا کہ تم جس کے کہنے پر سب کچھ کررہے ہو وہ تمھیں بچا بھی نہیں سکے گا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ ممبران الیکشن کمیشن بانی پی ٹی آئی کی دھمکی پر حیران رہ گئے۔

واضح رہے کہ 3 جنوری کو فواد چوہدری اور عمران خان کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت اڈیالہ جیل میں ہوئی تھی، نثار درانی کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کی چار رکنی ٹیم نے سماعت کی تھی، کمیشن کے ممبران میں شاہ محمود جتوئی، بابر حسین بھروانہ اور جسٹس ریٹائرڈ اکرام اللہ شامل تھے۔

الیکش کمیشن نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور فواد چوہدری پر فرد جرم عائد کی تھی اور کیس کی مزید سماعت 16جنوری تک ملتوی کردی تھی۔

pti

ECP

imran khan

pti chairman

Contempt Election Commission Case

Election Commission of Pakistan (ECP)