Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

توشہ خانہ ریفرنس: عمران خان اور بشریٰ بی بی پر فرد جرم کی کارروائی مؤخر

نواز، زرداری اور گیلانی کیخلاف بھی توشہ خانہ کیس میں ضمنی ریفرنس دائر نہ کیا جاسکا
اپ ڈیٹ 04 جنوری 2024 06:39pm
فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان تحریک انصاف کے سابق چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی پر آج توشہ خانہ ریفرنس میں فرد جرم عائد ہونے کا امکان تھا تاہم احتساب عدالت نے فرد جرم کی کارروائی مؤخر کردی۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت کی، اس موقع پر ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر ٹیم کے ہمراہ اڈیالہ جیل پہنچے۔

بشریٰ بی بی، اور عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ اور نورین خان بھی اڈیالہ جیل پہنچیں، جن کے ساتھ پی ٹی آئی وکلاء بابر اعوان اور بیرسٹر عمیر نیازی بھی موجود تھے۔

دوران سماعت ملزمان پر فرد جرم عائد نہ کی جاسکی جبکہ بانی پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت پر نیب کی جانب سے دلائل دیے گئے۔

بعدازاں احتساب عدالت نے سماعت 6 جنوری تک ملتوی کردی۔

توشہ خانہ کیس: نواز، زرداری اور گیلانی کیخلاف ضمنی ریفرنس آج بھی دائر نہ کیا جاسکا

دوسری جانب سابق صدر آصف زرداری، مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس میں نیب کی جانب سے ضمنی ریفرنس آج بھی دائر نہ کیا جا سکا، احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی عدم دستیابی کے باعت سماعت بغیرکارروائی ملتوی کردی گئی جبکہ رینٹل پاورکیس کی سماعت بھی 29 جنوری کو ہوگی۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت میں آصف زرداری، نواز شریف اور یوسف رضا گیلانی سمیت دیگر ملزمان کے خلاف توشہ خانہ گاڑیوں کے نیب ریفرنس کی سماعت ہوئی۔

نوازشریف کی جانب سے ان کے پلیڈررانا عرفان اور نیب پراسیکیوٹر سہیل عارف عدالت میں پیش ہوئے جبکہ آصف علی زرداری اوریوسف رضا گیلانی کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی۔

نیب کی جانب سے ضمنی ریفرنس آج بھی دائر نہ کیا جاسکا جبکہ احتساب عدالت نے اڈیالہ جیل میں جاری بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے کیسز کی سماعت کے باعث اس کیس کی سماعت بغیر کارروائی ملتوی کردی جبکہ آئندہ سماعت 15 جنوری کو ہوگی۔

قیمتی گاڑیاں اور تحائف وصول کرنے سے متعلق ریفرنس میں نواز شریف شامل تفتیش ہوچکے تھے۔

دوسری جانب راجہ پرویزاشرف کے خلاف رینٹل پاورپراجیکٹ ریفرنس میں اسپیکر کی جانب سے وکیل اور پلیڈر ارشد تبریزاور شریکِ ملزمان عدالت پیش ہوئے۔

احتساب عدالت کے عملے نے ملزمان کی حاضری لگائی اور سماعت انتیس جنوری تک ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی عدم دستیابی کے باعث دونوں سماعتیں ملتوی ہوئیں۔

imran khan

bushra bibi

tosha khana case

Adiyala Jail

Indictment