Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اسلام آباد سے پہنچ گئے، زرتاج گل کی حفاظتی ضمانت منظور

عدالت نےپولیس کوزرتاج گل کی گرفتاری سےروک دیا
اپ ڈیٹ 04 جنوری 2024 08:33am
پاکستان تحریک انصاف کی رہنما زرتاج گل ___ فوٹو : اسکرین گریپ
پاکستان تحریک انصاف کی رہنما زرتاج گل ___ فوٹو : اسکرین گریپ

پشاور ہائی کورٹ نے تحریک انصاف کی رہنما زرتاج گل کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی اور عدالت نے پولیس کو زرتاج گل کی گرفتاری سے روک دیا۔ عدالت کی جانب سے تحریری فیصلہ بھی جاری کیا جاچکا ہے۔

چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی رہنما زرتاج گل کی ضمانت کی درخواست پر سماعت شروع کی اور استفسار کیا کہ ایس ایس پی آپریشن پشاور کہاں ہیں۔

اس موقع پر زرتاج گل کے وکلا اور عدالت نمبر 1 کا عملہ بھی موجود تھا۔

چیف جسٹس ابراہیم خان نے ایس ایس پی آپریشن کاشف آفتاب عباسی طلب کرلیا۔ اور ریمارکس دیے کہ آج کیا ہو رہا تھا مجھے اسلام آباد سے آنا پڑا، انصاف نہیں دے سکتا تو مجھے استعفے دینا چاہئے، اگر نہ پہچتا تو کیا یہ عورت رات ہائی کورٹ میں گزارتی۔

سی سی پی او پشاور عدالت میں پیش ہوئے اور بیان دیا کہ زرتاج گل ہمیں کسی بھی مقدمے میں مطلوب نہیں، انہیں گرفتارنہیں کریں گے۔

عدالت نے پی ٹی آئی رہنما زرتاج گل کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی اور پولیس کو زرتاج گل کی گرفتاری سےروک دیا۔

اسے سے پہلے خبر تھی پولیس کی بھاری نفری پشاور ہائی کورٹ کے اطراف میں موجود ہے۔ اور پی ٹی آئی رہنما کے ساتھ وکلاء بھی بار میں موجود ہیں، زرتاج گل عدالت کے اندر ہی رات گزاریں گی، ان کے لئے میٹرس، کمبل اور کھانا پہنچا دِیا گیا ہے۔

اںصاف لائیر فورم کا کہنا تھا کہ زر تاج گل اگر یہاں پر رہیں گی اور ان کی تحفظ کے لئے انصاف لائر فورم کے وکلاء موجود ہوں گے۔

جب تک ضمانت نہیں ملتی یہاں سے نہیں جاؤں گی

پشاور ہائی کورٹ کے اندر میڈیا سے بات کرتے ہوئے رہنما تحریک انصاف زرتاج گل کا کہنا تھا کہ اس وقت الیکشن کی گہما گہمی ہے، میں پتہ نہیں الیکشن لڑ رہی ہوں یا کوئی جنگ۔

زرتاج گل کا کہنا تھا کہ میرا گھر توڑا دیا گیا، میرے کاغذات نامزدگی مسترد کیے گئے ہیں، میں آئین و قانون پر اعتماد رکھتی ہوں، کوئی بھی بینچ ہمارے لئے معزز ہیں، کسی بھہ عدالت جا سکتی ہوں، پورا ملک ہمارا ہے، جس کورٹ کا بھی دروازہ کھٹکھائیں ہمیں انصاف دیا جائے۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ ساری فورس باہر مجھے گرفتار کرنے کھڑی ہے، مجھے ضمانت دی جائےاورگرفتاری سے روکا جائے، جب تک ضمانت نہیں ملتی یہاں سے نہیں جاؤں گی، میں جب نہیں گھبرائی ،تو ووٹرز بھی نہ گھبرائیں۔

زرتاج گل آبدیدہ ہوگئیں، اور کہا کہ میں 9 مئی واقعات کی معافی مانگتی ہوں۔

مزید پڑھیں:

پی ٹی آئی کی رہنما ایمان طاہر پشاور ہائی کورٹ کے باہر سے گرفتار

زرتاج گل اور حلیم عادل شیخ کے کاغذات نامزدگی مسترد

ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی رہنما زرتاج گل پشاور ہائی کورٹ میں ضمانت کیلئے موجود ہیں، جب کہ پولیس کی بھاری نفری عدالت کے باہر موجود ہے اور زرتاج گل نے عدالت سے باہر آنے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدالت ضمانت دے پھر باہر جاؤں گی۔

پی ٹی آئی رہنما ایمان طاہر گرفتار

واضح رہے کہ آج پی ٹی آئی کی رہنما ایمان طاہر کو بھی پشاور ہائی کورٹ کے باہر سے گرفتار کرلیا گیا تھا، وہ راہداری ضمانت کے لیے پشاور ہائی کورٹ آئی تھیں۔

پشاور ہائی کورٹ نے آج صبح ایمان طاہر کی راہداری ضمانت منظور کی تھی، اور انہیں ایک ایک لاکھ روپے کے دو نفدی مچلکے جمع کرنے کا حکم دیا تھا، تاہم تحریری حکم نہ ملنے پر جب وہ ہائی کورٹ سے باہر نکلیں تو پولیس نے گرفتار کرلیا۔

ایمان طاہر سابق پی ٹی آئی ایم این اے طاہر صادق کی بیٹی ہیں۔

pti

Zartaj Gul

PTI Leaders arrested

Election 2024

Election Jan 3 2023