Aaj News

اتوار, نومبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

گوشت برآمد کرنیوالی پاکستانی کمپنی نے جنوبی ایشیا میں نئی ٹیکنالوجی کا اعزاز حاصل کرلیا

کمپنی کا دعویٰ ہے کہ خطے کی واحد کمپنی ہے جو یہ خاص ٹیکنالوجی کی مالک ہے
شائع 01 جنوری 2024 10:00pm
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

آرگینک میٹ کمپنی لمیٹڈ (ٹی او ایم سی ایل) نے کہا ہے کہ وہ جنوبی ایشیا کی پہلی کمپنی بن گئی ہے جس نے چین کو ”ہیٹ ٹریٹڈ“ منجمد گائے کے گوشت کی مصنوعات کامیابی سے برآمد کی ہیں۔

کمپنی کی جانب سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو جاری کردہ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ’ہمیں آپ کو یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ٹی او ایم سی ایل اب جنوبی ایشیا کی پہلی کمپنی بن گئی ہے جس نے 31 دسمبر 2023 کو چین کو ہیٹ ٹریٹڈ فروزن بیف گوشت (heat-treated frozen beef meat) کی مصنوعات کامیابی کے ساتھ برآمد کی ہیں۔‘

چین ، دنیا کا سب سے بڑا گوشت درآمد کرنے والا ملک ہے، جس نے 2022 میں تقریبا 3.10 ملین میٹرک ٹن بیف اور مٹن گوشت درآمد کیا، اور ٹی او ایم سی ایل نے جنوبی ایشیا سے چین کو پکے ہوئے گائے کے گوشت کی مصنوعات برآمد کرنے کا لائسنس حاصل کرنے والی صرف دو کمپنیوں میں سے ایک کے طور پر ایک منفرد مقام حاصل کیا ہے۔

کمپنی نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ یہ سنگ میل نہ صرف صنعت میں کمپنی کی حیثیت کو بہتر بنائے گا بلکہ ہمارے معزز شیئر ہولڈرز کے لئے بھی خاطر خواہ قدر پیدا کرے گا۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ 2021 میں چینی کسٹم حکام نے ٹی او ایم سی ایل کو چین کو مذکورہ گائے کا گوشت برآمد کرنے کی منظوری دی تھی۔ کمپنی نے 600 ملین روپے کی سرمایہ کاری کے ذریعے اپنی موجودہ گوشت ٹھنڈا کرنے اور منجمد کرنے کی صلاحیت میں خاطر خواہ توسیع کی ہے۔

کمپنی نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ یہ پہلی پاکستانی کمپنی ہے جس نے ویکیوم پیک شدہ تازہ گائے کے گوشت کی برآمد کا آغاز کیا ہے اور خطے کی واحد کمپنی ہے جو یہ خاص ٹیکنالوجی کی مالک ہے۔

china

pakistan economy

pakistan china

Pakistan Stock Exchange (PSX)

import export