Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

کاغذات نامزدگی مسترد یا منظور ہونے کیخلاف اپیلوں پر کون کہاں سماعت کرے گا؟

جج کا فردوس شمیم نقوی کی اپیل پر سماعت سے انکار
اپ ڈیٹ 01 جنوری 2024 12:22pm

عام انتخابات کے لیے اسکروٹنی کا عمل مکمل ہوچکا ہے، جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ کے دو ججز الیکشن ایپلیٹ ٹریبونل میں آج سے اپیلیں سنیں گے۔

جسٹس طارق محمود جہانگیری اور جسٹس ارباب محمد طاہر پر مشتمل الیکشن ایپلیٹ ٹریبونل کاغذات منظور یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلوں پر سماعت کرے گا۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ کاغذات نامزدگی مسترد ہونے یا ان کی منظوری کے خلاف اپیلیں 3 جنوری تک دائر کی جاسکتی ہیں۔ الیکشن ٹربیونل اپیلوں پر 10 جنوری تک فیصلہ کرے گا۔

ریٹرننگ آفیسرز (آر اوز) کی جانب سے تاحال کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کے فیصلے جاری نہیں کیے گئے ہیں، امیدواروں کو فیصلوں کی کاپیاں وصول نہ ہونے پر مشکلات کا سامنا ہے۔

پشاور

پشاور ہائیکورٹ کی جانب سے الیکشن ٹربیونل کے لئے نامزد ججز اپیلوں کو سنیں گے۔

جسٹس شکیل احمد پشاور کے لئے الیکشن ٹربیونل کے جج ہیں، جسٹس نعیم انور مینگورہ بنچ کے لئے الیکشن ٹربیونل کے جج مقرر ہیں، جبکہ جسٹس کامران حیات ایبٹ آباد اور جسٹس فہیم ولی ڈی آئی خان بنچ کے لئے الیکشن ٹربیونل کے جج ہیں۔

جسٹس فضل سبحان ہائیکورٹ بنوں بنچ کے لئے الیکشن ٹربیونل کے جج ہیں۔

پی ٹی آئی رہنماؤں کی اپیلیں پاور آف اٹارنی کے تحت جمع کرائی جائیں گی۔

انصاف لائرز فورم کا کہنا ہے کہ پاور آف اٹارنی کے تحت اپیل جمع کراسکتے ہیں، پاور آف اٹارنی کی صورت میں خود پیشی درکار نہیں۔

ہائیکورٹ کے باہر سخت سیکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔

سندھ

سندھ ہائیکورٹ میں ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں دائر ہونا شروع ہوگئی ہیں۔

سندھ ہائیکورٹ میں قائم الیکشن ٹریبونل میں پی ٹی آئی رہنما فردوس شمیم نقوی اور آزاد امیدوار مظہر علی جونیجو کی جانب سے اپیل دائر کی گئی۔

فردوس شمیم نقوی کے کاغذات مسترد ہونے کے خلاف سماعت جسٹس ارشد حسین نے کرنا تھی جبکہ مظہر علی جونیجو ایڈووکیٹ کی اپیل کی سماعت جسٹس خادم حسین تنیو نے کی۔

فردوس شمیم نقوی کی درخواست پر جسٹس ارشد حسین نے سماعت سے انکار کردیا اور درخواست نئے بینچ کو پیش کرنے کیلئے چیف جسٹس کو بھیج دی گئی۔

آزاد امیدوار مظہرجونیجو کی اپیل پر عدالت نے الیکشن کمیشن اور ریٹرننگ آفیسر کو چار جنوری کا نوٹس جاری کردیا۔

فردوس شمیم نقوی نے این اے 236 سے ریٹرننگ افسر نے کاغذات نامزدگی مسترد کئے تھے ، جبکہ آزاد امیدوار مظہر علی جونیجو ایڈووکیٹ کے پی ایس 86 سے کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے تھے۔

بلوچستان

بلوچستان میں بھی کاغذات نامزدگی مسترد کئے جانے خلاف اپیلیں آج سے الیکشن ٹربیونل میں جمع کرائی جائیں گی، اپیلوں کی سماعت کے لئے بلوچستان ہائیکورٹ کے دو جج جسٹس ہاشم کاکڑ اور جسٹس محمد عامر نواز رانا مقرر کئے گئے ہیں۔

قومی اسمبلی اور مخصوص نشستوں کے لئے جمع کرائے گئے کاغذات مسترد کئے جانے پر سماعت جسٹس ہاشم کاکڑ کریں، جبکہ صوبائی اسمبلی اور بلوچستان کی مخصوص نشستوں کی سماعت جسٹس محمد عامر نواز رانا کریں گے۔

پنجاب

لاہور ہائیکورٹ کے 9 ججز پر مشتمل الیکشن اپیلیٹ ٹریبونلز اپیلوں کی سماعت کریں گے۔

جسٹس رسال حسن سید لاہور ڈویژنز اور ضلع اوکاڑہ کی جنرل نشستوں سے متعلق اعتراضات سنیں گے۔

جسٹس فاروق حیدر پنجاب سے خواتین و اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کے اعتراضات سنیں گے، جبکہ جسٹس اسجد جاوید گھرال فیصل آباد اور سرگودھا ڈویژنز سے جنرل نشستوں کے اعتراضات سنیں گے ۔

جسٹس راحیل کامران شیخ گجرانوالہ اور گجرات ڈویژنز کی جنرل نشستوں کے اعتراضات سنیں گے۔ جسٹس سلطان تنویر احمد بہاولپور ڈویژنز اور ضلع لودھراں کی جنرل نشستوں کے اعتراضات سنیں گے۔

جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر ضلع پاکپتن، ساہیوال، ضلع لودھراں اور ملتان ڈویژنزکے اعتراضات سنیں گے۔

جسٹس علی ضیا باجوہ ضلع بھکر اور ڈی جی خان کی جنرل نشستوں کے اعتراضات سنیں گے۔ جسٹس مرزا وقاص رؤف ضلع اٹک، مری اور راولپنڈی کی جنرل نشستوں کے اعتراضات سنیں گے۔

جسٹس چودھری عبد العزیز ضلع چکوال، تلہ گنگ، جہلم اور میانوالی کی جنرل نشستوں کے اعتراضات سنیں گے۔

Islamabad High Court

Election 2024

nomination papers reject

Apelet tribunal

Election Jan 1 2024