Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

بالی ووڈ کو مُسلسل 15 سُپرہٹ فلمیں دینے والے ’کاکا‘ جن کا ریکارڈ کوئی نہ توڑ سکا

اداکار نے مخصوص باڈی لینگویج کی بدولت بھی خاصی شہرت پائی
شائع 30 دسمبر 2023 04:04pm

بالی وڈ کے پہلے سپر اسٹار راجیش کھنہ کو ان کے 71 ویں یومِ پیدائش پر ان کے پرستاروں نے محبت اور احترام و عقیدت سے یاد کیا۔ ان کے گانوں اور فلموں کی وڈیوز پر پرستاروں نے تبصرے کیے اور انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔

کاکا کی عرفیت سے معروف راجیش کھنہ 29 دسمبر 1942 کو بھارتی پنجاب کے شہر امرتسر میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے بالی وڈ میں اپنا کریئر قدرے گمنامی کے ساتھ شروع کیا۔ پھر اچانک کچھ ایسا ہوا کہ وہ پہلے سپر اسٹار بن گئے۔ راجیش کھنہ کی فلمیں ہٹ ہوتی چلی گئیں اور ان کے چاہنے والوں کی تعداد دیکھتے ہی دیکھتے لاکھوں سے کروڑوں تک پہنچ گئی۔

کاکا کو مسلسل 15 سپر ہٹ فلمیں دینے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ ان کا یہ ریکارڈ اب تک کوئی بھی اداکار نہیں توڑ سکا۔

راجیش کھنہ کی مقبولیت اور محبوبیت کا یہ عالم تھا کہ وہ اسکرین پر جیسے دکھائی دیتے تھے ان کے چاہنے والے بھی ویسی ہی وضع قطع اختیار کرلیتے تھے۔ ایک فلم میں انہوں نے بنگالی نوجوان کا اتنی خوبصورتی سے نبھایا کہ دھوتی اور کرتا ہی ان کی شناخت بن گئے۔

راجیش کھنٹہ نے ہیرو کا میک اوور تبدیل کرنے پر بھی خاص توجہ دی اور ہیرو کے لیے چشمے کا استعمال متعارف کرایا۔

وہ مفلر کو ایک اچھے پراپ کے طور پر استعمال کرنا بھی خوب جانتے تھے۔ راجیش کھنہ نے اپنی مخصوص باڈی لینگویج کی بدولت بھی خاصی شہرت پائی۔ رومانی فلموں میں جذبات سے بھرے ہوئے مناظر فلم بند کرانا انہی کا خاصہ تھا۔

راجیش کھنہ نے 1969 سے 1971 تک جو 15 مسلسل ہٹ فلمیں دیں ان میں آرادھنا، ڈولی، بندھن، اتفاق، دو راستے، خاموشی، سفر، دی ٹرین، کٹی پتنگ، سچا جھوٹا، آن ملو سجنا، محبوب کی مہندی، چھوٹی بہو، آنند اور ہاتھی میرے ساتھی شامل ہیں۔

بالی وڈ میں راجیش کھنہ کا کریئر کم و بیش چار عشروں پر محیط رہا۔ اس دوران انہوں نے اپنے چاہنے والوں کو ہر طرح کی کامیاب فلمیں دیں۔ ڈھلتی ہوئی عمر میں وہ ”اوتار“ کے ساتھ ایک بار پھر اسکرین پر چھاگئے۔

Bollywood

RAJESH KHANNA

SUPER STAR

SUPER HITS