Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

نیو ایئر نائٹ: کراچی میں دفعہ 144 نافذ، اسلام آباد میں تقریبات پر پابندی

پنجاب پولیس نے بھی ایکشن کیلئے کمر کس لی
اپ ڈیٹ 30 دسمبر 2023 06:04pm
فائل فوٹو
فائل فوٹو

سالِ نو کے موقع پر کراچی ڈویژن میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے، آئی جی سندھ رفعت مختار نے کہا کہ نیو ایئر نائٹ پر فائرنگ اور ہلڑ بازی کرنے پر سخت کارروائی کی جائے۔ دوسری طرف پنجاب کے مختلف شہروں میں سکیورٹی سخت کردی گئی۔

کراچی ڈویژن میں دفعہ 144 نافذ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے، کمشنر کراچی سلیم راجپوت کے مطابق دفعہ 144 کا فیصلہ سال نو کے باعث کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق شہر میں اسلحہ کی نمائش، ہوائی فائرنگ اور پٹاخوں پر پابندی عائد ہوگی، جو آج رات سے یکم جنوری کے اختتام تک جاری رہے گی۔

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی جانب سے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے پیش نظر نیو ائیر نائٹ کی تقریبات پر پابندی پر عمل درآمد کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

##’فائرنگ اور ہلڑ بازی کرنے پر سخت کارروائی کی جائے‘

سی پی او کراچی آفس میں سال نو کی آمد کے حوالے سے اعلی سطح کا اجلاس ہوا۔ جس میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور ضروری ہدایات دی گئیں۔

اجلاس میں تمام اعلی افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر آئی جی سندھ رفعت مختار نے کہا کہ فائرنگ اور ہلڑ بازی کرنے پر سخت کارروائی کی جائے، عوام کے تحفظ کے لئے مؤثر اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔

انھوں نے کہا کہ ہوائی فائرنگ کی اطلاعات پر علاقے کے گھیراؤ اور بر وقت ریسپانس کے ساتھ قانون کے مطابق کارروائی یقینی بنائی جائے۔

آئی جی سندھ رفعت مختار راجہ نے کہا کہ موبائل، موٹرسائیکل گشت رینڈم اسنیپ چیکنگ سمیت داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندی اور کڑی نگرانی کی جائے۔

انھوں نے کہا کہ ہوائی فائرنگ کے انسداد کے لئے تشہیر کی جائے، مساجد میں اعلانات سمیت سرچ آپریشن کیے جائیں۔

رفعت مختار راجہ کے مطابق پولیس کے مثبت اقدامات کو بھرپور طریقے سے عام کرکے سوشل میڈیا پر منفی تاثر کی حوصلہ شکنی کی جائے، عوام دوست پولیسنگ اقدامات کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جائے۔

ادھر ضلعی انتظامیہ اسلام آباد کی جانب سے نئے سال کی تقریبات، میوزیکل نائٹس، فائیر ورکس وغیرہ کے لیے دئیے گئے اجازت نامے منسوخ کر دئیے گئے ہیں۔

دوسری جانب پنجاب بھرمیں نیو ایئرنائٹ کے حوالے سے سکیورٹی انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں، پنجاب میں 21 ہزار 413 پولیس افسران و اہلکار ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔

لاہور میں نیو ایئر پروگرامز کی سکیورٹی کیلئے 2373 افسران واہلکار تعینات ہوں گے۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق گوجرانوالہ، راولپنڈی، فیصل آباد سمیت دیگر بڑے شہروں میں بھی سکیورٹی انتظامات مکمل کرلیے گئے۔

ہوائی فائرنگ، ہلڑبازی اور ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے گی۔

آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ تفریح کے نام پر کوئی خلاف قانون سرگرمی قبول نہیں، والدین اپنے بچوں کو کسی غیر قانونی کام کا حصہ ہرگز نہ بننے دیں۔

karachi

اسلام آباد

New Year Night

section 144 imposed

NEW YEAR CELEBRATION 2024

Ban on New Year Parties