Aaj News

اتوار, نومبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

فلسطینی مسلمانوں سے متاثر آسٹریلیا کی 30 خواتین نے اسلام قبول کر لیا

میلبورن میں واقع میڈو ہائٹس مسجد میں تقریب کا انعقاد
شائع 28 دسمبر 2023 09:22pm

میلبورن میں واقع میڈو ہائٹس مسجد میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں غزہ کے مسلمانوں کےحوصلے سے متاثر ہوکر آسٹریلیا کی 30 خواتین نے بیک وقت اسلام قبول کر لیا۔

غزہ میں گزشتہ ڈھائی ماہ سے اسرائیل کی جانب سے حملے جاری ہیں، اور اب تک 23 ہزار سے زائد افراد جاں بحق اور 50 ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں، تاہم فلسطینی مسلمان کسی صورت ہار ماننے کو تیار نہیں۔

فلسطینی مسلمانوں کے عزم وحوصلے اور ثابت قدمی سے متاثر ہوکر آسٹریلیا میں 30 خواتین ایک ساتھ دائرہ اسلام میں داخل ہو گئی ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اس حوالے سے آسٹریلوی شہر میلبورن میں واقع میڈو ہائٹس مسجد میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں تمام 30 خواتین نے کلمہ پڑھ کر اسلام قبول کیا۔

ترک میڈیا نے انسٹا گرام پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں عبایا پہنی خواتین باری باری کلمہِ شہادت پڑھ رہی ہیں۔

اس موقع پر نو مسلم خواتین نے اپنے تاثرات کا بھی اظہار کیا۔ اسلام قبول کرنے والی کرسٹین کرنوگوناک کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کی جدوجہد ان کے دلوں کو چھو گئی، اس لئے انہوں نے اسلام قبول کیا ہے۔

ایک اور نو مسلم خاتون جیکولین ریٹزاک کا کہنا تھا کہ اسلام قبول کرکے بہت سکون ملا، غزہ کے حالات دیکھ کر یہ قدم اٹھایا، اب میری خواہش ہے کہ اسلام اور اللہ کے مزید قریب ہوجاؤں۔

Israel

Israeli Strikes

Melbourne Australia