Aaj News

بدھ, دسمبر 18, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

بلاول کا قد چھوٹا، فیصل صالح حیات غدار، پی ٹی آئی کے نظریاتی کارکن کب باہر آئیں گے؟

بے نظیر کی شہادت پر پی ٹی آئی، ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کی مذمت
شائع 27 دسمبر 2023 08:55pm

پیپلزپارٹی کے رہنما قادر خان مندو خیل کا کہنا ہے کہ فیصل صالح حیات ہماری جماعت کے بانی نہیں بلکہ غدار تھے۔ جب کہ ن لیگ کے رہنما رفیق رجوانہ کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو نے آج کے جلسے میں اپنا قد چھوٹا کرنے کی کوشش کی ہے۔

آج نیوز کے پروگرام ”فیصلہ آپ کا“ میں بات کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما رفیق رجوانہ کا کہنا تھا کہ بلاول نے بینظیر بھٹو کے قتل کو پنجاب میں پیپلزپارٹی کو کمزورکرنے کی سازش قراردیا، انہوں نے آج اپنا قد چھوٹا کرنے کی کوشش کی۔

رفیق رجوانہ کا کہنا تھا کہ 27دسمبرملکی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، بینظیر بھٹو ملک میں جمہوریت اور سیاست کی علامت تھیں، ان کا قتل پورے پاکستان کے خلاف سازش تھی،

رہنما ن لیگ نے کہا کہ پیپلز پارٹی اب ہماری اتحادی نہیں رہی، اور سیاست کے میدان میں مقابلہ شروع ہوچکا ہے، لیکن سیاست میں ایک دوسرے پرذاتی حملے نہیں ہونے چاہیے۔

رفیق رجوانہ نے کہا کہ پنجاب میں ن لیگ کی پوزیشن واضح ہے، فیصل صالح حیات مضبوط سیاستدان ہیں۔

قادر خان مندو خیل

پروگرام میں بات کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما قادر مندوخیل کا کہنا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو کا کیس 45 سال بعد سماعت کیلئے مقرر ہوا، بینظیر بھٹو کے قاتل آج بھی آزاد گھوم رہے ہیں، اور ان کے ورثا کو 16سال بعد بھی انصاف نہیں مل سکا۔

قادرمندوخیل نے کہا کہ فیصل صالح حیات پیپلز پارٹی کے بانی نہیں،غدار تھے، انہوں نے جماعت میں دھڑا بنانے کی کوشش کی تھی۔

پی ٹی آئی رہنما تیمور سلیم جھگڑا

تیمورخان جھگڑا نے بات کرتے ہوئے کہا کہ شفاف انتخابات نہ ہوئے تو ملک آگے نہیں بڑھ سکے گا، شفاف انتخابات سے سیاست، معشیت، سیکیورٹی بہتر ہو گی۔

تیمورجھگڑا نے کہا کہ سابق وزیر خارجہ شاہ محمود کو آج کس انداز میں گرفتار کیا گیا، سینئر سیاستدانوں کی عزت نہیں ہوگی تو دنیا ہماری کیاعزت کرے گی۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ 27 دسمبرکا واقعہ انتہائی افسوسناک تھا، 2007 میں پیپلزپارٹی کی اچھی پوزیشن نہیں تھی، لیکن بینظیر بھٹو کی شہادت کے بعد اس جماعت کی پوزیشن بہتر ہوئی۔

تیمورجھگڑا نے مزید کہا کہ آئین و قانون پر کوئی سمجھوتا نہیں ہونا چاہئے، مشکل وقت میں پارٹی کا ساتھ دینے والوں کو ٹکٹ دیں گے، پی ٹی آئی کے نظریاتی ورکرز الیکشن میں سامنے آئیں گے۔

pti

PMLN

Bilawal Bhutto

Pakistan People's Party (PPP)

PTI Leaders arrested