Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

میلبورن ٹیسٹ : حسن علی نے آسٹریلیا کو شکست دینے کا گُر بتا دیا

میں نے کبھی 150 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند نہیں کی، پاکستانی فاسٹ بولر
اپ ڈیٹ 27 دسمبر 2023 10:40am
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب

پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی نے میلبورن ٹیسٹ میں آسٹریلیا کو شکست دینے کے حوالے سے کہا کہ اگر ہم آسٹریلیا کو 250سے کم اسکور پر آؤٹ کردیتے ہیں تو ہمارے پاس جیتنے کا بہترین موقع ہوگا اور ہم آسٹریلیا کی ٹیم کو جلد آؤٹ کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔

پاک آسٹریلیا تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے میلبرن میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ کے پہلے دن کا کھیل ختم ہوگیا آسٹریلیا نے 3 وکٹوں پر 187 رنز بنا لیے ہیں۔

آج میچ کے اختتام کے بعد پاکستانی فاسٹ بولر حسن علی نے بولرز کی رفتار میں کمی کے بارے میں بات کرتے ہوئے بیرونی افواہوں کے بجائے ٹیم کی توجہ کھیل پر مرکوز کرنے پر زور دیا۔

حسن علی کا کہنا تھا کہ مجھے اس کا علم نہیں کہ کس بولرکی رفتار میں کمی آئی ہے، میری توجہ کبھی بھی رفتار پر نہیں رہی، اور میں نے کبھی 150 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند نہیں کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری توجہ کھیل پر مرکوز ہے اور ہونا بھی ایسا ہی چاہئے، دائیں ہاتھ کے بولر نے بھی ٹیم کی پوزیشن پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا۔

حسن علی کا کہنا تھا کہ اگر ہم آسٹریلیا کو 250سے کم اسکور پر آؤٹ کردیتے ہیں تو ہمارے پاس جیتنے کا بہترین موقع ہوگا اور ہم آسٹریلیا کی ٹیم کو جلد آؤٹ کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔

یاد رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل بینو قادر ٹرافی سیریز کے میلبورن میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کا کھیل ختم ہو گیا۔

بارش کے باعث صرف 66 اوورز کا کھیل ہی ہوسکا۔ دن کے اختتام تک میزبان آسٹریلیا نے تین وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز بنا لیے تھے۔

باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں قومی کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، آسٹریلیا کی جانب سے اننگ کا آغاز ڈیوڈ وارنر اور عثمان خواجہ نے کیا اور ٹیم کے لیے 90 رنز کی اوپننگ پارٹنر شپ قائم کی۔ اس موقع پر آغا سلمان نے ڈیوڈ وارنر کو بابر اعظم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا کے شاہینوں کو پہلی کامیابی دلائی۔

آسٹریلیا کے مجموعی اسکور میں 18 رنز کا اضافہ ہونے کے بعد دوسرے اوپنر عثمان خواجہ بھی پویلین لوٹ گئے، انہیں حسن علی نے میدان بدر کیا۔

دوسرے سیشن میں کینگروز کا مجموعی اسکور 114 پر پہنچا تھا کہ بارش شروع ہو گئی جس کے باعث دوسرے سیشن کا کھیل نہ ہوسکا۔

بارش رکنے کے بعد تیسرے سیشن میں کھیل کا پھر آغاز ہوا اور پہلے دن کے اختتام تک آسٹریلیا نے تین وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز بنا لیے تھے۔ تیسرے آؤٹ ہونے والے بیٹر اسٹیو اسمتھ تھے جنہوں نے 26 رنز اسکور کیے۔ مارنس لبوشین 44 اور ٹریوس ہیڈ 10 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔

پاکستان کی جانب سے حسن علی، سلمان علی آغا اور عامر جمال نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ہے۔ پرتھ کی طرح میلبرن میں بھی قومی ٹیم کی جانب سے ناقص فیلڈنگ کا مظاہرہ جاری ہے۔ شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر عبداللہ شفیق نے وارنر کا آسان کیچ ڈراپ کر دیا۔

test series

hassan ali

MELBOURNE

Pakistan vs Australia

PAK VS AUS

Melbourne Test