Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

نئی دہلی : اسرائیلی سفارتخانے کے قریب زور دار دھماکا

سفارتخانے کے ترجمان نے زور دار دھماکے کی تصدیق کی ہے، بھارتی میڈیا
اپ ڈیٹ 26 دسمبر 2023 07:56pm
علامتی تصویر / پی ٹی آئی
علامتی تصویر / پی ٹی آئی

بھارت میں اسرائیلی سفارت خانے کے قریب دھماکا ہوا ہے، بھارتی میڈیا کے مطابق سفارتخانے کے ترجمان نے زور دار دھماکے کی تصدیق کی ہے۔

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں اسرائیلی سفارتخانے کے پیچھے دھماکے کی اطلاع پر پولیس کی دوڑیں لگ گئیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دہلی پولیس کو چانکیہ پوری علاقے میں واقع اسرائیلی سفارت خانے کے پیچھے مبینہ دھماکے کے بارے میں اطلاع دی گئی تھی۔

مبینہ دھماکے کی اطلاع ایک نامعلوم شخص کی جانب سے دہلی فائر سروس کو شام تقریبا 6 بجے کال پر دی گئی۔

فون کرنے والے نے دعویٰ کیا کہ دھماکہ اسرائیلی سفارت خانے کے پیچھے ایک خالی پلاٹ پر ہوا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اسرائیلی سفارت خانے کے قریب دھماکا 5 بجکر 20 منٹ پر ہوا، جس کے بعد پولیس نےاسرائیلی سفارت خانے کو گھیرے میں لیا اور سرچ آپریشن شروع کیا، جبکہ میڈیا کو بھی اسرائیلی سفارت خانے کے قریب جانے سے روک دیا گیا۔

بھارتی اخبار دی ٹائمز آف انڈیا کے مطابق اسرائیلی سفارتخانے کے ترجمان نے زور دار دھماکے کی تصدیق کی ہے۔

اس حوالے سے بھارتی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ واقعہ میں کسی اسرائیلی سفارتکار کو نقصان نہیں پہنچا۔ بھارتی اور اسرائیلی ایجنسیز واقعہ کی تحقیقات کررہی ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل انڈیا ٹو ڈے نے کہا تھا کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے ساتھ پولیس کی اسپیشل سیل کی ٹیم معائنے کے لئے موقع پر پہنچی اور علاقے کی تلاشی لی لیکن اس مقام پر کچھ بھی مشکوک نہیں پایا گیا۔

بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ فون کرنے والے کی شناخت کے ساتھ اس کے محرکات کی بھی تفصیلی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

india

Israel

Israel Palestine conflict

Indian police