فیصل صالح حیات کا مسلم لیگ ن میں شمولیت کا امکان، سلیم سیف اللہ کو بھی پیشکش
ن لیگ کے قائد اور صدر نوازشریف شہباز شریف کل جھنگ کا دورہ کریں گے جہاں سینئر سیاستدان فیصل صالح حیات کا مسلم لیگ ن میں شمولیت کا امکان ہے۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کی جانب آئندہ انتخابات کی تیاریاں جاری ہیں اور اس حوالے سے مختلف سیاستدانوں سے قیادت کی ملاقاتوں سلسلہ اور انہیں ن لیگ میں شمولیت کی دعوت دی جارہی ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف اور سابق وزیراعظم شہباز شریف کل جھنگ شاہ جیونہ کا دورہ کریں گے، اور ان کے اس دورے کے دوران ملک کے سینئر سیاستدان مخدوم فیصل صالح حیات مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کریں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ مسلم لیگ ن کی جانب فیصل صالح حیات کے بعد سابق وفاقی وزیرسلیم سیف اللہ سے رابطہ کیا گیا ہے اور انہیں پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی ہے۔
ذرائع کے مطابق سلیم سیف اللہ کو مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم شہباز شریف نے ٹیلیفون کرکے ن لیگ میں شمولیت کی دعوت دی، جس پر سلیم سیف اللہ نے جواب دینے کے لیے وقت مانگ لیا ہے۔
اس حوالے سے سلیم سیف اللہ نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ شہباز شریف نے مسلم لیگ ن میں شمولیت کی دعوت دی ہے، ساتھیوں سے مشاورت کے بعد آگاہ کروں گا۔
واضح رہے کہ سلیم سیف اللہ این اے 41 سے قومی اسمبلی کے آزاد امیدوار ہیں۔
ذرائع کے مطابق ن لیگ کے قائد نوازشریف سے امیر جمعیت اہلحدیث پروفیسرساجد میر نے بھی ملاقات کی، جس میں راجا ظفرالحق، مریم نواز، اسحاق ڈار، راناثنااللہ اور فضل کریم شریک تھے۔
ملاقات میں موجودہ صورتحال اور انتخابات کی تیاریوں پر مشاورت ہوئی۔
ذرائع نے بتایا کہ ن لیگ کے سینئر رہنماؤں اسحاق ڈار اور رانا ثناء اللہ نے اہم ملاقاتیں کی ہیں، جب کہ شمعونہ بادشاہ قیصرانی نے بھی لیگی رہنماؤں سے ملاقات کی ہے۔ اور حلقہ این اے 183 میں تیاریوں کے حوالے سے مشاورت کی۔
اس موقع پر شمعونہ بادشاہ قیصرانی کا کہنا تھا کہ آئندہ انتخابات میں نوازشریف واضح اکثریت سے فتح حاصل کریں گے۔
Comments are closed on this story.