Aaj News

ہفتہ, جنوری 04, 2025  
03 Rajab 1446  

کراچی سمیت مختلف اضلاع میں آسمانی بجلی گرنے کی پیشگی اطلاع کا جدید نظام نصب کیا جائے گا

لائٹننگ ڈیٹیکٹر100مربع کلومیٹر میں آسمانی بجلی کے گرنے کی پیشگی اطلاع دے سکتا ہے، محکمہ موسمیات
شائع 23 دسمبر 2023 06:05pm

محکمہ موسمیات کی جانب سے کراچی سمیت دیہی سندھ کے مختلف اضلاع میں آسمانی بجلی کی اطلاع دینے والے 6 لائٹننگ ڈیٹیکٹرز نصب کیے جائینگے۔ گزشتہ ماہ چین نے پاکستان کو آسمانی بجلی کی پیشگی اطلاع کیلئے ڈیٹیکٹرز تحفے میں دیے تھے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں نصب ہونے والا لائٹننگ ڈیٹیکٹر بیک وقت لانگ اور شارٹ رینج کا حامل ہوگا، ملک بھر میں نصب ہونے والے 25 لائٹننگ ڈیٹیکٹرز چین کی جانب سے تحفے میں دیے گئے ہیں۔ چین کے انسٹیٹوٹ آف الیکٹریکل انجینئرنگ چائنیز اکیڈمی آف سائنسز نے آلات کو تیار کیا ہے۔

پاکستان میں اس سے قبل آسمانی بجلی گرنے کی پیشگی اطلاع کا جدید نظام موجود نہیں تھا، لائٹننگ ڈیٹیکٹر100مربع کلومیٹر میں آسمانی بجلی کے گرنے کی پیشگی اطلاع دے سکتا ہے۔

اس حوالے محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ بارشوں کے سسٹم کی گرج چمک کے دوران آسمانی بجلی کے تشکیل پانے والی شدت کا اندازہ لگایا جاسکے گا، نصب آلات کے ذریعے آسمانی بجلی گرنے کے واقعات کا ڈیٹا جمع کیا جائےگا، اور مستقبل میں ڈیٹا غیرمعمولی موسمیاتی حالات کے دورن معاون ثابت ہوگا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق موسمیاتی تغیر (کلائمٹ چینج) کی وجہ سے ہونے والی غیرمعمولی سرگرمیوں میں آسمانی بجلی کے گرنے کے واقعات بھی شامل ہیں، تیزبارشوں کے دوران ماضی میں اور حالیہ دنوں میں تھرپارکر میں بجلی گرنے کے متعدد واقعات پیش آچکے ہیں۔

climate change

Met Office

Pakistan Flood

Artificial Rain