Aaj News

بدھ, دسمبر 18, 2024  
15 Jumada Al-Akhirah 1446  

کراچی : قومی اسمبلی کی نشست پر شہباز شریف، مصطفیٰ کمال اور قادر مندوخیل آمنے سامنے

تینوں رہنماؤں نے این اے 242 بلدیہ ٹاؤن کی نشست کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیے
اپ ڈیٹ 23 دسمبر 2023 08:01pm
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے دو سو بیالیس پر صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف، ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما مصطفیٰ کمال اور پیپلزپارٹی کے قادر مندوخیل آمنے سامنے آئیں گے۔ کراچی ڈویژن میں اب تک مجموعی طور پر 1405 کاغذات نامزدگی فارم جمع ہوچکے ہیں۔

کراچی میں این اے دو سو بیالیس بلدیہ ٹاؤن کی نشست پر آئندہ عام انتخابات میں بڑا سیاسی دنگل سجنے کو تیار ہے۔

سابق وزیراعظم شہبازشریف، سابق ناظم کراچی مصطفی کمال اور پیپلزپارٹی کے رہنماء قادر مندوخیل نے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :

سیاست کے بڑوں میں سے کون کس سے لڑے گا

بلے کا نشان لینے کیلئے ایک جماعت نے پہلے سے درخواست دے رکھی تھی

پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن فیصلے کے خلاف عدالت سے رجوع کا فیصلہ مؤخر کردیا

صدر مسلم لیگ (ن) شہبازشریف کے کاغذات حاجی صالحین نے جمع کروائے جبکہ ایم کیو ایم کے مصطفی کمال اور پیپلزپارٹی کے قادر مندوخیل پہلے ہی این اے 242 پر کاغذات جمع کروا چکے ہیں۔

’کراچی کو 200 ارب کا فنڈ دیں گے‘

اسلم خٹک ایڈووکیٹ کا کہنا ہے کہ میاں شہباز شریف نے کراچی والوں کے نام پیغام دیا ہے، کہ حکومت بنانے کے بعد کراچی کو 200 ارب کا فنڈ دیں گے، شہر کو سڑکوں کا جال اور اسکول و کالجز کا جال بچھا کر دیں گے۔

اسلم خٹک نے کہا کہ شہباز شریف نے پیغام میں مزید کہا کہ کراچی بھی لاہور کی طرح ترقی کرے گا، بے روزگاروں کو روزگار ملے گا، گرین لائن اور کے فور بھی کراچی کو مسلم لیگ ن نے دیا تھا۔

واضح رہے کہ کراچی میں اب تک مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جاچکے ہیں، جس میں ایم کیوایم کے مصطفیٰ کمال، فارق ستار، عبدالحسیب ،ارشد وہرہ، ریحان ہاشمی ،محمدحسین خان اور کامران فاروقی کے نام شامل ہیں۔

پیپلزپارٹی کی جانب سے عبدالقادر پٹیل، خواجہ سہیل، سلیم مانڈوی والا کے نام قابل ذکر ہیں۔

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان بھی قومی اسمبلی سے انتخاب میں حصہ لیں گے، جبکہ استحکام پاکستان پارٹی سندھ کے صدر محمود مولوی بھی الیکشن لڑنے کےلئے تیار ہیں، انہوں نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔

الیکشن کمیشن آفس سندھ نے آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے اب تک کاغذات نامزدگی جمع ہونے کی تفصیلات جاری کردیں، اعدادو شمار کےمطابق اب تک کراچی ڈویژن میں مجموعی طورپر1405فارم جمع ہوچکےہیں ، اب تک کراچی ڈویژن میں قومی اسمبلی کی 22 نشستوں کےلئے333 فارم جمع ہوچکےہیں جبکہ صوبائی اسمبلی کی47 نشستوں کے لئے1072 فارم جمع ہوچکےہیں۔

پی پی پی کے جام عبدالکریم جوکھیو نے این اے 229 سے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیے۔

ن لیگ کے مظفر شجرہ نے این اے 230 سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔

shahbaz sharif

mustafa kamal

Pakistan Politics

Election 2024