Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

سندھ ہائیکورٹ کا کراچی سے 15 دن میں تمام بل بورڈز، بینرز اور پوسٹرز ہٹانے کا حکم

بل بورڈز اور ہورڈنگز لگانے والوں کے خلاف مقدمات درج کریں، عدالت
شائع 21 دسمبر 2023 08:42pm
فوٹو:فائل
فوٹو:فائل

سندھ ہائیکورٹ نے کراچی سے 15دن میں تمام بل بورڈز، بینرز اور پوسٹرز ہٹانے کا حکم دے دیا ہے، اور پولیس کو کہا ہے کہ بل بورڈز اور ہورڈنگز لگانے والوں کے خلاف مقدمات درج کریں۔

سندھ ہائیکورٹ میں کراچی میں عوامی مقامات پر لگائے گئے بل بورڈز پر پابندی کے کیس کی سماعت ہوئی، درخواست گزار نے مؤقف پیش کیا کہ سپریم کورٹ نے 2016 میں بل بورڈز پر پابندی کا فیصلہ دیا تھا، لیکن پابندی کے باوجود پبلک مقامات پر بل بورڈز لگائے جارہے ہیں۔

سندھ ہائی کورٹ نے سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد سے متعلق اہم فیصلہ دیتے ہوئے کہا کہ 15 دن کے اندر شہر میں لگے تمام بل بورڈز بینرز اور پوسٹرز ہٹائے جائیں۔

عدالت نے کنٹونمنٹ ایگزیکٹو کو عدالتی حکم پرعملدرآمد کرانے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے حکم دیا کہ مئیر کراچی اور ڈپٹی کمشنرزعوامی مقامات سے بل بورڈز ہٹوا دیں، جب کہ کنٹونمنٹ ایگزیکٹو ایس ایس پیز کے ذریعےعدالتی احکامات پر عملدرآمد کرائیں۔

عدالت نے پولیس کو بل بورڈز لگانے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ بل بورڈز اور ہورڈنگز لگانے والوں کے خلاف مقدمات درج کریں، اور عدالتی احکامات پر عمل درآمد کراکرتفصیلی رپورٹ پیش کریں۔

عدالت نے کیس کی مزید سماعت 18 جنوری تک ملتوی کردی۔

Sindh High Court

Billboards

SUPREME COURT OF PAKISTAN (SCP)

Banners and posters

hoardings