Aaj News

ہفتہ, دسمبر 28, 2024  
25 Jumada Al-Akhirah 1446  

جعلی شناختی کارڈز کی اسکروٹنی تک انتخابات ملتوی کرنے پر فیصلہ محفوظ

انتخابات کا شیڈول جاری ہوگیا، عدالت کیسے عام انتخابات ملتوی کرنے کے احکامات جاری کر سکتی ہے؟ چیف جسٹس
شائع 21 دسمبر 2023 12:29pm
اسلام آباد ہائیکورٹ: فائل فوٹو
اسلام آباد ہائیکورٹ: فائل فوٹو

اسلام آباد ہائیکورٹ نے افغان مہاجرین کے جعلی شناختی کارڈز کی اسکروٹنی تک انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

آفتاب عالم کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں اسکروٹنی تک عام انتخابات ملتوی کرانے کی درخواست دائر کی گئی تھی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار آفتاب عالم اپنے وکیل ملک اختر عباس کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔

دورانِ سماعت درخواست گزار کے وکیل ملک اختر عباس نے کہا کہ افغان مہاجرین کی اپنے وطن واپسی کا عمل جاری ہے، افغان مہاجرین کی جانب سے جعلی شناختی کارڈز بنوا کر ووٹر لسٹوں میں شمولیت حاصل کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔

وکیل درخواست گزار نے کہا کہ افغان مہاجرین کے جعلی شناختی کارڈز کے باعث عام انتخابات پر سوالات اٹھیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ افغان مہاجرین کی جانب سے پاکستانی پاسپورٹ کا استعمال ملکی سلامتی کے لیے بھی خطرہ ہے۔

وکیل اختر عباس نے استدعا کی کہ عدالت افغان شناختی کارڈز کی سکروٹنی ہونے تک انتخابات ملتوی کرانے کا حکم دے۔

دورانِ سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا ہے، عدالت کیسے عام انتخابات ملتوی کرنے کے احکامات جاری کر سکتی ہے؟

ہائیکورٹ نے انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

Islamabad High Court