Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

تربت لانگ مارچ اسلام آباد پہنچنے پر راستے بند، پتھراؤ کرنے والے گرفتار کرلیے، پولیس

مظاہرین میں نقاب پوش اور ڈنڈا بردار ہیں، ہائی سیکورٹی زون میں داخلے سے روک رہے ہیں، اسلام آباد پولیس
اپ ڈیٹ 21 دسمبر 2023 06:48am

بلوچستان کی صورتحال پر تربت شروع ہونے والا احتجاجی لانگ مارچ بدھ کی شام اسلام اباد پہنچ گیا، مظاہرین کی آمد کے سبب وفا کی دارالحکومت میں کئی مقامات پر راستے بلاک ہو گئے اور ٹریفک کی روانی میں خلل پڑا۔

پولیس کے مطابق مظاہرین نے ریڈ زون میں داخل ہونے کی کوشش کی جس سے انہیں روکا جا رہا ہے۔ پتھراؤ کرنے والے کئی افراد کو گرفتار کرلیا گیا ۔

اسلام آباد پولیس نے یکے بعد دیگرے کئی اپ ڈیٹ جاری کئے۔ جن میں کہا گیا کہ مظاہرین میں نقاب پوش اور ڈنڈا بردار افراد شامل ہیں۔

شام کو ایک بیان میں پولیس نے خبردار کیا کہ احتجاج کی آڑ میں راستے بند کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

بیان میں کہا گیا کہ پر امن احتجاج سب کا بنیادی حق ہے، اسلام آباد میں رکاوٹیں کھڑی کرنا، عوامی راستے مسدود کرنا اور امن عامہ میں خلل ڈالنا جرم ہے، قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

پولیس نے مظاہرین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی آمدورفت کے رستوں میں رکاوٹ مت ڈالیں اور پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔

اسلام اباد پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی غیر معمولی سرگرمی کی اطلاع پکار 15 یا آئی سی ٹی 15 ایپ پر دیں۔

بعد ازاں ایک اور بیان میں پولیس نے کہا کہ مظاہرین کے درمیان متعدد نقاب پوش اور ڈنڈہ بردار موجود ہیں۔ مظاہرین کو ہائی سیکورٹی زون میں داخلے سے روکنے کےلیے غیر مہلک طریقہ اختیار کیا جارہا ہے۔

پولیس نے کہا کہ طاقت کے استعمال سے مکمل گریز کیا گیا ہے ۔ بزرگوں ،عورتوں اور بچوں سے گذارش ہے کہ پرتشدد ہجوم کا حصہ نہ بنیں اور کسی کے بہکاوے میں مت آئیں۔

پولیس نے کہا کہ اسلام آباد کے شہریوں کی جان اور املاک کی حفاظت اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے ۔

پولیس نے کہا کہ 26 نمبر چونگی پر مظاہرین کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ کیا گیا ہے۔ایوب چوک پر بھی مظاہرین کی طرف سے پولیس پر پتھراؤ کیا گیا اور پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے متعدد مظاہرین کو گرفتار کر لیا ہے۔

تربت سے شروع ہونے والا مارچ مختلف علاقوں سے ہوتے ہوئے منگل کی شب پنجاب کے علاقے تونسہ پہنچا تھا، اگرچہ مارچ کے شرکاء کا دعوی تھا کہ انہیں ٹرانسپورٹ کے حصول میں مشکلات پیش ارہی ہیں تاہم یہ مارچ بدھ کی شام اسلام اباد پہنچ گیا۔

مزید پڑھیں

بالاچ بلوچ کی ہلاکت: بلوچستان ہائیکورٹ کا سی ٹی ڈی کے 4 اہلکاروں کو معطل کرنے کا حکم

بالاچ مولابخش کے قتل کا مقدمہ پولیس افسر اور سی ٹی ڈی اہلکاروں کیخلاف درج، فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کا سربراہ تبدیل

کوہلو: بلوچ یکجہتی کمیٹی کی ریلی میں اداروں کیخلاف نعرے بازی کا مقدمہ درج

مارچ کے شرکا کے مطابق اسے اسلام اباد میں پہلے سے جاری دھرنے میں ضم کیا جائے گا۔

بلوچستان

اسلام آباد

long march

turbat

islamabad police

police warning