Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

8 فروری کے الیکشن میں حصہ لینے پر کسی شہری پر کوئی پابندی نہیں، نگراں وزیراعظم

پاکستان کا آئین کسی ملیشیا کے وجود کی اجازت نہیں دیتا، انوار الحق کاکڑ
شائع 19 دسمبر 2023 06:16pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب
فوٹو۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ پاکستان کا آئین کسی ملیشیا کے وجود کی اجازت نہیں دیتا، کچھ گروہ مذہب، نسل اور زبان کی بنیاد پر تشدد پر اتر آتے ہیں مگر ریاست ہمیشہ آئین و قانون کے تحت چلتی ہے، 8 فروری کے الیکشن میں حصہ لینے پر کسی شہری پر کوئی پابندی نہیں۔

کوئٹہ میں بلوچستان کی یونیورسٹیوں کے طلباء و طالبات سے گفتگو کرتے ہوئے نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان کے طلبہ کے ساتھ بات کرکے خوشی ہورہی ہے، پاکستان کا مستقبل روشن ہے، نوکریاں بیچنے کا کاروبار ہم نہیں ہونے دیں گے۔

نگراں وزیراعظم نے کہا کہ معاشی لحاظ سے ملک میں ترقی کے بے شمار مواقع ہیں، ملکی آبادی کا 65 فیصد نوجوانوں پر مشتمل ہے، نوجوان ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں جو ملکی ترقی کی راہ متعین کریں گے۔

انوار الحق کاکڑ کا مزید کہنا تھا کہ آئندہ 10 سالوں میں چین اور خطے کے ملکوں میں 36 ٹریلین ڈالر کی تجارت متوقع ہے، دنیا کی ایک بڑی آبادی اس خطے میں رہائش پذیر ہے، ایک فعال جمہوریت ملک میں سیاسی استحکام لاتی ہے، ٹیکس اکٹھا کرنا اور اس کا مؤثر انداز میں استعمال بے حد ضروری ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہمیں اسکولوں میں داخلے کی شرح کو بڑھانا ہے، معیاری تعلیم ہماری ترجیح ہے، تعلیم کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا، حکومت کے ساتھ ساتھ سب کو تعلیم کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے، تعلیمی ادارے اپنے اساتذہ کی بنیاد پر بنتے ہیں، آپ اپنی تربیت کی بنیاد پر دنیا میں پہنچانے جاتے ہیں۔

نگراں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ انسانی معاشرے کی تشکیل علم کے زیور سے آراستہ کرنے میں ہے، پاکستان کا آئین کسی ملیشیا کے وجود کی اجازت نہیں دیتا، ریاست آئین و قانون کے تحت چلتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 8 فروری کو الیکشن ہورہے ہیں، جس کے لیے تمام شہری کاغذات نامزدگی جمع کرواسکتے ہیں اور کسی پر کوئی پابندی نہیں ہے، وہاں سیاسی طور پر منتخب ہوکر جائیں اور پھر اپنے مسائل پر ایک فورم پر بھرپور انداز سے آواز اٹھائیں۔

انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ کسی بھی قانونی مقیم غیر ملکی کو واپس نہیں بھیجا جارہا، پاکستان 5 دہائیوں سے افغان مہاجرین کی میزبانی کررہا ہے، غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کا پاکستان میں رہنے کا کوئی جواز نہیں، غیر قانونی غیرملکیوں کو اپنے ملکوں کو واپس جانا ہوگا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ غیر قانونی مقیم افراد دہشت گردی اور دیگر جرائم میں ملوث ہیں، دہشت گردی اور جرائم کے خاتمے کے لیے ریاست اپنی ذمہ داری ادا کررہی ہے، کوئی بھی ملک کسی غیر ملکی کو بغیر دستاویزات داخلے کی اجازت نہیں دیتا۔

بلوچستان

quetta

anwar ul haq kakar

Caretaker Prime Minister Anwar ul Haq Kakar

Caretaker Prime Minister Anwaar ul Haq Kakar

PM KAKAR

PM ANWAR UL HAQ KAKAR