Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

موجودہ چیف الیکشن کمشنر کی موجودگی میں آزادانہ اور شفاف انتخابات ممکن نہیں، پاکستان بار کونسل

سپریم کورٹ کو کمیشن کے ہر عمل کی توثیق کرنے کے بجائے ان تضادات کا نوٹس لینا چاہیے، بار کونسل
اپ ڈیٹ 19 دسمبر 2023 03:19pm
فوٹو — فائل
فوٹو — فائل

پاکستان بار کونسل نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ پر تحفظات ظاہر کرتے ہوئے ان کے استعفے کا مطالبہ کردیا ہے۔

بار کونسل نے الیکشن کمیشن کے انتخابی طریقہ کار، حلقہ بندیوں اور نشستوں کی تقسیم پر بھی سوال اٹھا دیئے ہیں۔

منگل کو جاری کیے گے ایک اعلامیے میں بار کونسل نے کہا کہ یہ تاثربڑھ رہا ہےکہ موجودہ چیف الیکشن کمشنر کی موجودگی میں شفاف انتخابات نہیں کرائے جا سکتے جب کہ جہلم، گجرانوالہ اور ضلع راولپنڈی میں نشستوں کی تقسیم میں عدم توازن دیکھا گیا۔

پاکستان بار کونسل نے کہا کہ آبادی کے تناسب سے موجودہ حلقہ بندیاں انتخابی عمل کی شفافیت پر سوالات اٹھا رہی ہیں، کمیشن کا طرز عمل عام انتخابات کی سالمیت کے بارے میں سنگین شکوک و شبہات کو جنم دیتا ہے، ان حالات کی روشنی میں الیکشن کمیشن ان نازک معاملات پر آنکھیں بند نہیں کر سکتا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ کو کمیشن کے ہر عمل کی توثیق کرنے کے بجائے ان تضادات کا نوٹس لینا چاہیے، بنیادی مقصد محض انتخابات نہیں ہے بلکہ آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات ہوں اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو یکساں مواقع فراہم ہونے چاہئیں۔

پاکستان بار کونسل نے مزید کہا کہ وکلاء کنونشن کا مقصد آزادانہ، منصفانہ اور شفاف عام انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانا ہے، بار کونسل جمہوری اصولوں کو برقرار رکھنے کے لیے انتخابی عمل میں شفافیت کو فروغ دینے کے لیے پُرعزم ہے۔

Sikander Sultan Raja

pakistan bar council

Election Commission of Pakistan (ECP)

Election 2024