دیگر صوبوں کی نسبت بلوچستان کو گیس کی سپلائی زیادہ دے رہے ہیں،وزیراعظم
نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ ہم سے کوتاہیاں ہوئی ہیں لیکن ہماری نیت بری نہیں، غیر قانونی مقیم افراد کے حوالے سے پالیسی تبدیل نہیں ہوگی۔
نگراں وزیراعظم نے کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجرہ پل مارچ تک فعال ہوجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ قوم پرست ہر چیز کو اپنے زاویے سے دیکھتے ہیں۔
نگراں وزیراعظم نے کہا کہ عام انتخابات 2024 صاف اور شفاف ہوں گے، ہم الیکشن کرائیں گے اور الیکشن کمیشن انتخابات کا انعقاد کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کو داغدار اور غیر داغدار ہونے سے متعلق باتوں کو اہمیت نہیں دیتا۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ جنہیں لیول پلینگ فیلڈ ملا وہ اپنے داغوں کو لے کرنہیں چلے تو ہم کون سا لے کر جائیں گے۔
داغدار اور غیرداغدار کی باتیں 70 کی دہائی سے چل رہی ہیں، ہممارے لیے سب سے بڑا داغ یہ ہوگا کہ الیکشن نہ کرائیں۔
انہوں نے کہا کہ کوئی مخصوص جماعت دعویٰ لیکر آئے تو دعوے کیے جاسکتے ہیں، بعض اوقات سچا بیانیہ ہوتا ہے بعض اوقات نہیں ہوتا۔
ان کا کہنا تھا کہ دیگر صوبوں کی نسبت بلوچستان کو گیس کی سپلائی زیادہ دے رہے ہیں، ہدایات کی ہیں کہ بلوچستان کو گیس کی کمی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
’ہماری نیت بری نہیں‘
قبل ازیں، کوئٹہ میں ایک تقریب سے خطاب میں نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ ہم سےکوتاہیاں ہوئی لیکن ہماری نیت بری نہیں ہے۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ ہزارگی زبان میں نشریات شروع کرنے پر خوشی ہے، اس خطے میں پشتو، بلوچی، ہزارگی، فارسی زبانیں موجود ہیں، ایک اور زبان کو قومی سطح پر اجاگر کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں میڈیا صنعت کو فروغ دینا ترجیح ہے، آج میڈیا کے ذریعے دنیا سمٹ گئی، ہزارہ برادری کی تاریخ بہت قدیم ہے، ہزارویوں نے اپنے نئے سفر کا آغاز 1947 میں ہمارے ساتھ ہی کیا تھا۔
انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ بدقستمی سے ہمارے ہاں ایک خونی دور بھی آیا، ہزارہ برادری نے دہشت گردی کا ہمت اور حکمت سے سامنا کیا، ہم سے کوتاہیاں ہوئی ہیں لیکن ہماری نیت بری نہیں، ہمارے اور ہزارہ برادری کے حقوق میں تفریق نہیں یے جب کہ یہاں تمام عقائد سے تعلق رکھنے والے افراد دہشت گردوں کا شکار ہوئے۔
نگراں وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردوں کا مقابلہ اس وقت کیا جا سکتا ہے جب ہم اورآپ متحد ہوں گے، ہم اس دہشت گردی کے خلاف بھرپور لڑائی لڑ کر فتح یاب ہوں گے کیونکہ امن ہوگا تو ہی معاشرہ ترقی کرے گا۔
Comments are closed on this story.