Aaj News

اتوار, نومبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

ٹیلی نار پاکستان کی فروخت اور ایزی پیسہ ڈیپازٹس سے متعلق اہم وضاحت

آپ کے ڈیپازٹس مکمل طور پر محفوظ ہیں، ایزی پیسہ
شائع 18 دسمبر 2023 11:22pm
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

ڈیجیٹل مالیاتی خدمات فراہم کرنے والی کمپنی ایزی پیسہ نے ٹیلی نار پاکستان کی پی ٹی سی ایل کو فروخت کے بعد اہم وضاحت کی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ٹوئٹ کرتے ہوئے ایزی پیسہ نے ٹیلی نار پاکستان کی فروخت کے بارے میں حالیہ خبروں کے تناظر میں اپنے صارفین کو یقین دلایا ہے کہ ہمارے آپریشنز معمول کے مطابق جاری رہیں گے۔

ٹوئٹ میں مزید کہا گیا کہ ٹیلی نار ما ئیکرو فنانس بینک (ٹی ایم بی) اور اس کا فلیگ شپ پروگرام ایزی پیسہ اس فروخت کا حصہ نہیں ہے۔

ڈیجیٹل مالیاتی خدمات فراہم کرنے والی کمپنی ایزی پیسہ نے مزید کہا ہے کہ آپ کے ڈیپازٹس مکمل طور پر محفوظ ہیں اور اس پیش رفت سے وہ کسی طور پر بھی متاثر نہیں ہونگے۔

واضح رہے کہ دو روز قبل پاکستان کے پی ٹی سی ایل گروپ (یوفون) کی جانب سے اہم اعلان کیا گیا تھا کہ پی ٹی سی ایل کمپنی بہت جلد ٹیلی کام کمپنی ’ٹیلی نار‘ کے 100 فیصد حصص خریدے گی۔

ذرائع کے مطابق کمپنی کی خریداری کا عمل 2024 میں مکمل ہوجائے گا، کمپنی کی فروخت کا عمل ضوابط کی منظوری سے مشروط کیا جائے گا۔

پی ٹی سی ایل نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ ٹیلی نار پاکستان کے 100 فیصد حصص کی خریداری کا معاہدہ طے ہوگیا ہے۔ 100 فیصد حصص کی خریداری 108 ارب روپے میں ہوگی۔

پی ٹی سی ایل اور پی ٹی ایم ایل کے صدر اور گروپ سی ای او حاتم بامطرف کا کہنا تھا کہ ’ہمیں یقین ہے کہ ٹیلی نار پاکستان کے ساتھ مل کر جو اسٹریٹجک ہم آہنگی پیدا کی گئی ہے، اس کے نتیجے میں ہمارے صارفین اور اسٹیک ہولڈرز کے لیے قدرمیں اضافہ ہوگا کیونکہ وہ اس لین دین کے حتمی مستفید ہیں‘۔

PTA

Telenor

Easypaisa