Aaj News

جمعرات, دسمبر 26, 2024  
23 Jumada Al-Akhirah 1446  

تحریک انصاف ورچوئل جلسے میں عمران خان کے خطاب کیلئے مصنوعی ذہانت استعمال ہوئی، عالمی میڈیا کا انکشاف

اس انکشاف کے بعد کئی سوالات پیدا ہوگئے ہیں۔
اپ ڈیٹ 18 دسمبر 2023 05:32pm
تصویر: اے ایف پی
تصویر: اے ایف پی

بین الاقوامی خبر رساں اداروں نے انکشاف کیا ہے کہ اتوار کے روز تحریک انصاف کے ’ورچوئل‘ یا آن لائن جلسے کے دوران عمران خان کی تقریر کیلئے مصنوعی ذہانت کا استعمال کیا گیا اور لگ بھگ چار منٹ کا جو کلپ پی ٹی آئی کے حامیوں نے سنا اس میں عمران خان کی آواز ’اے آئی کلون‘ کی تھی۔

خبر رساں اداروں اے ایف پی اور روئٹرز کی جانب سے اس انکشاف کے بعد کئی سوالات پیدا ہوگئے ہیں۔

تحریک انصاف کے سوشل میڈیا عہدیدار جبران الیاس نے خود بھی یہ ویڈیو کلپ اتوار کے روز شیئر کیا تھا اوروضاحت کی تھی کہ یہ مصنوعی ذہانت سے تیارکیا گیا ہے۔

تاہم پی ٹی آئی نے اپنے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر یہ تاثر دیا کہ ویڈیو کلپ اصل ہے اور عمران خان نے حقیقت میں جیل سے پیغام بھیجا ہے۔ مذکورہ ویڈیو کے ساتھ کیپشن میں تحریر کیا گیا کہ ’بانی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے جیل سے اپنے پیغام میں اپنے تمام سوشل میڈیا وارئیرز کا دل سے شکریہ ادا کیا اور ان کو اسی جذبے اور لگن سے کام کرنے کی ہدایت۔‘

بظاہر اس کلپ کے شروع میں ایک جملہ عمران خان کی اصل ویڈیو سے لیا گیا جس میں وہ اپنے روایتی انداز میں آغاز کرتے ہیں۔ اس کے بعد اسکرین پر تصاویر اور پرانی ویڈیوز آجاتی ہیں اور مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ آواز شروع ہو جاتی ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ’میرے ساتھی پاکستانیوں، میں سب سے پہلے اس تاریخی کوشش پر سوشل میڈیا ٹیم کی تعریف کرنا چاہوں گا‘شاید آپ سبھی سوچ رہے ہوں کہ جیل میں میرا کیا حال ہے۔ آج حقیقی آزادی کے لیے میرا عزم بہت مضبوط ہے۔’

اگست 2023 سے سائفرکیس میں قید سابق وزیراعظم اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کی آڈیو فیس بک، ایکس اور یوٹیوب پر پی ٹی آئی کے حامیوں کی تقاریر پر مبنی 5 گھنٹے کی طویل لائیو اسٹریم کے اختتام پر نشر کی گئی جس میں عمران خان کی فوٹیج اور تصاویر شامل تھیں۔

سوشل میڈیا پر تبصروں سے ظاہو ہوتا ہے کہ انٹرنیٹ کی بندش کے باوجود سوشل میڈیا پر ’ورچوئل جلسے‘ میں اس کلپ کو اصل سمجھا گیا۔

اس آڈیو کلپ سے متعلق پی ٹی آئی کے جبران الیاس کا کہنا ہے کہ عمران خان نے وکلاء کے ذریعے ایک شارٹ ہینڈ اسکرپٹ بھیجا تھا جسے آڈیو میں ڈھالا گیا۔

امریکا میں مقیم پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا چیف جبران الیاس کا کہنا تھا کہ ’یہ ہمارے لیے کوئی بڑی بات نہیں تھی، جب عمران خان کسی سیاسی جلسے میں ملاقات کیلئے موجود نہیں ہیں ، ہہ جبر پر قابو پانے کے لیے تھا۔

اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے جبران الیاس نے مزید کہا کہ، ’ہم انتخابی موڈ میں آنا چاہتے تھے۔ عمران خان کے بغیر پی ٹی آئی کا کوئی سیاسی جلسہ مکمل نہیں ہوگا‘۔

عالمی نیٹ ورک مانیٹر نیٹ بلاکس کے مطابق اتوار کی رات سے سوشل میڈیا کو سات گھنٹوں کے لیے بند کردیا گیا تھا جو کہ عمران خان کو نشانہ بنانے والے ’انٹرنیٹ سنسرشپ کے سابقہ واقعات‘ سے مطابقت رکھتا ہے۔ تاہم ورچوئل جلسے کو فیس بک، ایکس اور یوٹیوب پر 4.5 ملین سے زائد افراد نے دیکھا۔

یاد رہے کہ پی ٹی آئی پر ماضی میں سوشل میڈیا صارفین جعلسازی کے الزامات عائد کرتے رہے ہیں۔ اتوار کے ورچوئل جلسے کے بعد بھی دعوے کیے گئے کہ دیکھنے والوں کی تعداد بڑھا چڑھا کر پیش کرنے کیلئے پی ٹی آئی نے باٹس کا استعمال کیا۔

صحافی اور ٹی وی اینکر طلعت حسین نے کہا کہ ’پہلے انہوں نے اوپر آنے کیلئے بوٹس کا استعمال کیا اور اب وہ چاہتے ہیں کہ باٹس انہیں بچا لیں۔ ان کی دنیا حقیقی نہیں ہے۔’

واضح رہے کہ پی ٹی آئی پاکستان کی پہلی سیاسی جماعت ہے جس نے سوشل میڈیا کی صلاحیتوں کو وسیع پیمانے پر بروئے کار لاتے ہوئے نوجوان سامعین کو ٹارگٹ کرنے کے لیے ایپس کا استعمال کیا جو انہیں پانچ سال پہلے اقتدار میں لائے تھے۔

نیٹ بلاکس کی نئی رپورٹ

دوسری جانب انٹرنیٹ کی دستیابی پر نظر رکھنے والی تنظیم نیٹ بلاکس نے اتوار کی شام سے پاکستان میں انٹرنیٹ کی جزوی بندش پر ایک نئی رپورٹ جاری کی ہے۔

رپورٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان میں یوٹیوب، فیس بک، انسٹاگرام اور ٹوئٹر تک رسائی شام 8 بجے سے جزوی طور پر معطل ہوئی جس میں رات بارہ بجے کے قریب شدت آگئی۔ تاہم اس کے بعد کچھ وقت کے لیے رسائی بہتر ہوگئی۔

اس کے بعد ایک بار پھر خلیل دیکھا گیا۔ تاہم یہ خلل پاکستانی وقت کے مطابق رات 2 بجے تک دور ہو چکا تھا۔

imran khan

Artificial Intelligence

AI

PTI Virtual Jalsa