Aaj News

ہفتہ, نومبر 02, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

لاپتہ افراد کیس میں وزارت داخلہ سے آئندہ سماعت رپورٹ طلب

ہمارے حالات بہت خراب ہیں، نوکری بھی نہیں مل رہی، خدارا کچھ تو کیجئے، متاثرہ خاندان کی عدالت میں دہائی
شائع 18 دسمبر 2023 11:13am
فوٹو — فائل
فوٹو — فائل

سندھ ہائی کورٹ نے لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق کیس میں وزارت داخلہ سے رپورٹ طلب کرلی۔

سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس نعمت اللہ نے لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر سماعت کی۔

عدالت نے پولیس افسران سے استفسار کیا کہ لاپتا شہری کی کتنی جے آئی ٹیز ہوچکیں، اس پر حکام نے بتایا کہ 16 جےآئی ٹیز اور پی ٹی ایف سیشن ہو چکے ہیں۔

لاپتہ شہری کے والد نے عدالت کو بتایا کہ چھ سال ہو گئے میرا بیٹا لاپتا ہے، 9 سال سے لاپتا ریاست اللہ کا تاحال پتہ نہ چل سکا۔

پولیس نے پیش رفت رپورٹ عدالت میں جمع کرادی، تفتیشی افسر نے کہا کہ ریاست اللہ کا کیس جبری گمشدگی کی کیٹیگری میں شامل کردیا گیا۔

دوران سماعت لاپتا شہری کے اہل خانہ نے کہا کہ 9 سال ہوگئے واجد حسین لاپتہ ہے جب کہ ہمارے حالات بہت خراب ہیں، نوکری بھی نہیں مل رہی، خدارا کچھ تو کیجئے۔

لاپتہ شخص کی والد نے عدالت میں کہا کہ قرآن پر ہاتھ رکھ کر کہتے ہیں واجد ایجنسیوں کے پاس ہے، قانون موجود ہے تو اغوا کیوں کرکے لاجاتے ہیں۔

عدالت نے ایس پی انوسٹی گیشن، وفاقی وزارت داخلہ سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے درخواستوں کی مزید سماعت 30 جنوری تک ملتوی کردی۔

دوسری جانب چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ ابراہیم خان نے وزیرستان کے رہائشی ثنا اللہ کی پراسرار گمشدگی کیس کی سماعت کی۔

عدالت نے کہا کہ درخواستگزار کو کسی کیس میں ملوث کردیں تو کورٹ آپ سے نہیں پوچھے گی، اس موقع پر ایڈووکیٹ جنرل نے کہا کہ مارچ 2013 سے لاپتہ ہے لیکن پولیس کو رپورٹ نہیں ہوا۔

پشاور ہائی کورٹ نے ہدایت کی کہ درخواست گزار مقدمہ درج کرنے پولیس کے پاس جائے اور اگر پولیس سمجھتی ہے جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم بنانی ہے تو مزید کارروائی کریں۔ بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت 12جنوری تک ملتوی کردی۔

missing person case

Sindh Police

interior ministry

Peshawar High Court

Sindh High Court