Aaj News

جمعرات, نومبر 21, 2024  
18 Jumada Al-Awwal 1446  

اتحاد میں برکت، شکاری تیندوا خود شکار بنتے بنتے رہ گیا

'جب بڑے بڑے شکاری چاروں طرف چھپے ہوئے ہوں تو کھلے میں سونا کافی جرات مندانہ اقدام ہے'
شائع 17 دسمبر 2023 12:41pm

عام تاثر یہ ہے کہ تیندوے کتوں پر بھاری پڑ سکتے ہیں، لیکن وہ کہاوت ہے نا کہ ’اتحاد میں طاقت ہے‘۔ تو اس بار کتوں نے اتحاد کے ساتھ بہادری کا مظاہرہ کیا اور تندوے کو دم دبا کر بھاگنے پر مجبور کردیا۔

جنوبی افریقہ کے کروگر نیشنل پارک میں فوٹوگرافر جان فیبیانو نے اس حیران کن لمحے کو اپنے کیمرے میں قید کرلیا۔

ویڈیو میں ایک چیتے کو چار جنگلی کتوں کے قریب آتے ہوئے دکھایا گیا ہے، جو دھوپ سینکتے ہوئے بے پرواہ حالت میں سو رہے تھے۔

تیندوا دبے پاؤں حملے کی نیت سے آگے بڑھتا ہے، لیکن جیسی فوٹوگرافر کو امید تھی ایسا کچھ نہ ہوا۔

صبح تقریباً ساڑھے سات بجے کا وقت تھا جب فوٹوگرافر جان فیبیانو سوئے ہوئے جنگلی کتوں کی تصاویر لینے کے لیے رکے۔

انہوں نے تصاویر لینے کے لیے کیمرہ سنبھالا ہی تھا کہ جھاڑی کے پیچھے ایک تیندوے کو دیکھا جس کی نظر کتوں پر تھی۔

تیندوا کتوں کی طرف بڑھنے لگا۔ وہ بغیر آواز کیے قریب چلا گیا، کتے بالکل بے خبر پڑے تھے۔

اچانک ہی ایک جنگلی کتے نے اپنا سر اٹھایا اور تیندوے کو اس سے چند میٹر کے فاصلے پر دیکھا، اور دیکھتے ہی تیندوے کی طرف دوڑ لگادی۔

اپنے ساتھی کو تیندوے کی طرف بھاگتا دیکھ کر باقی جنگلی کتے بھی شیر ہوگئے اور تیندوے کو بھاگنے پر مجبور کردیا۔

ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے ایک صارف نے لکھا، ’جنگلی کتے بہت خوش قسمت تھے کہ یہ شیر نہیں تھا‘۔

جبکہ ایک اور صارف نے لکھا، ’جب بڑے بڑے شکاری چاروں طرف چھپے ہوئے ہوں تو کھلے میں سونا کافی جرات مندانہ اقدام ہے‘۔

leopard

Wild Dogs